عمران بے حیائی، طاہر القادری اشتعال پھیلا رہے، نواز شریف قوم کو اداروں سے نہ لڑائیں: گلالئی
ایبٹ آباد (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے کہا کہ عمران خان بے حیائی، ناچ گانوں کے کلچر کے بانی جبکہ طاہرالقادری اشتعال انگیزی کے کلچر کو فروغ دے رہے ہیں۔ ائر مارشل اصغر خان پاکستانی سیاست میں ایک بڑا نام تھا۔ انکی وفات سے پاکستان کا نقصان ہوا۔ پاکستانی عوام خود ان حالات کے ذمہ دار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی قائدین ذہنی پسماندگی کا شکار ہیں۔ پاکستانی عوام ان کے پیچھے بھاگنے کے باعث دلدل میں پھنستے جارہے ہیں ۔ عوام اپنے آپ کو خود نکال سکتے ہیں۔ ملک میں بے حیا اور بدکردار لیڈروں کا احتساب کریں ۔ جوپاکستان کو اس جنگ میں دھکیلنے میں مصروف ہیں۔ جو تباہی ہے۔ جس سے پاکستانی معیشت پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔ سیاسی جماعتوں اور قائدین کی لونڈی بننے کے بجائے عوام کو حق اور سچ دکھائیں تاکہ معاشرہ تباہی سے بچ سکے۔ میاں محمد نواز شریف قوم کو فوج اور عدلیہ سے نہ لڑائیں۔ یہ ادارے ہی پاکستان کو بہتری کی طرف لاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کے خلاف علم بغاوت بلند کر رہے ہیں جو اس معاشرے کی تباہی کے ذمہ دار ہیں اور ملک میں بے حیائی کو اور اشتعال انگیزی کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرے کو بہتر کرنے کے لیے تعلیم کو فروغ رہنا ہو گا۔ ورنہ قصور میں زینب اور فیصل آباد میں نوجوان سے ہونے والی زیادتی ہوتی رہیں گی۔