ارسلان مسیح ہلاکت کیس: سپریم کورٹ کا دو روز میں چالان پیش کرنے کا حکم
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے شیخوپورہ میں پولیس تشدد سے نوجوان ارسلان مسیح کی ہلاکت سے متعلق کیس میں تفتیشی افسر کو اپنے پیٹی بھائیوں کے خلاف دو روز میں چالان ٹرائل کورٹ میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے دس روز میںرپورٹ طلب کر لی ہے۔ چیف جسٹس نے ایک خبر کی بنیاد پر نوٹس لیا تھا جس میں بتایا گیا کہ پولیس نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر نوجوان کو تشدد کرکے ہلاک کر دیا ہے اور اس کی لاش کو سڑک پر چھوڑکر بھاگ گئے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پولیس کے تشدد سے نوجوان ہلاک ہو تو اس کے بعد کیا مقدمہ درج کیا گیا اور اب تک کیا تحقیقات ہوئی۔ کتنے لوگ گرفتار ہوئے؟ عدالت کو تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔ دو روز میں تحقیقات مکمل ہو جائیں گی۔