صفائی کے ناقص انتظامات‘10 ہسپتالوں کے 52 آپریشن تھیٹرز میں سرجری سہولیات معطل‘28 کو نوٹسز جاری
لاہور (نیوزرپورٹر) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے شہر کے دس ہسپتالوںکے52آپریشن تھیٹرزمیں جراثیم سے پاک صفائی کے غیر تسلی بخش انتظامات ہونے پران تھیٹرز میں سرجری کی سہولیات معطل کردیں اور28علاج گاہوں کو فراہمی صحت کی سہولیات کم سے کم معیارات پر عمل درآمد نہ کرنے پر نوٹس جاری کردیے۔ میوہسپتال کے 17،شالیمار ہسپتال کے 11،کشورفضل ٹیچنگ فیض پور انٹرچینج کے پانچ،داتا دربار وقف اور گورنمنٹ میا ں میر کے چار چار،لیڈی ایچی سن،ریڈ کریسنٹ کے تین ،الخدمت منصورہ،ٹی ایچ کیو رائیونڈاور ثروت انور ہسپتال گارڈن ٹائون کے دو دو آپریشن تھیٹرز میں اس وقت تک ہر قسم کے آپریشن بند کرنے کا حکم دیا ہے جب تک معیار کے مطابق صفائی کے انتظامات یقینی نہیںبنالیے جاتے اوراس ضمن میں پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو لیبارٹری رپورٹ نہیں بھجوا دی جاتی۔ان تمام علاج گاہوں کو نوٹسز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔ کمیشن کی ٹیموں نے گزشتہ تین روز میں33 ہسپتالوں کی انسپیکشن کی اورجن 28ہسپتالوں کوفراہمی صحت کی سہولیات کے کم سے کم معیارات پر عمل درآمد نہ کرنے پر نوٹسز جاری کر دیے ۔ان میںسات سرکاری ہسپتال سر گنگارام،کوٹ خواجہ سعید، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ،انفیکشیس ڈزیزز(بلال گنج) ،نواز شریف سوشل سیکورٹی،پنجاب سوشل سیکورٹی مینجمنٹ کمپنی (ما نگا منڈی )اور میاں منشی شامل ہیں۔ دوسری جانب نجی ہسپتالوں میںصغری شفیع ٹیچنگ ہسپتال نارووال،سرجی میڈ،ثریا عظیم وقف ،ممتاز بختاور رائیونڈاور وحدت روڈ، یو نائیٹڈ کرسچین،رحمت علی میموریل ٹرسٹ (ٹائون شپ)، رشید ہسپتال ڈی ایچ اے کو نوٹس جاری کئے۔