• news

پنجاب میں میٹرو کریسی کا راج‘ قصور واقعہ شرمناک‘ پولیس کیا کر رہی تھی: عمران

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کور گروپ کا ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔ عمران خان صدارت کریں گے۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج سے متعلق اہم فیصلے ہونگے۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں میٹرو کریسی کا راج ہے۔ قصور میں پیش آنے والا واقعہ شرمناک ہے۔ ڈی آئی خان میں بے حرمتی کے واقعے پر 24 گھنٹے میں ملزمان پکڑے۔ شریف برادران عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ وہ پشاور میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ پرویزخٹک نے چار سال کے دوران خیبر پی کے میں بہت کام کیا۔ کسی وزیراعلیٰ نے ایسا کام نہیں کیا۔ قوم انسانوں پر سرمایہ کاری اور اداروں کو مضبوط کرنے سے بنتی ہے۔ انسانوں پر سرمایہ کاری اور اداروں کو مضبوط کرنے والی قوموں نے ہی ترقی کی۔ میرٹ پر ٹیلنٹ کو آگے لانے والے ممالک ہی ترقی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قصور میں چند ماہ کے دوران 12 بچیوں کو زیادتی کرکے قتل کیا گیا۔ ماضی میں بھی بچوں سے زیادتی کی ویڈیوز سامنے آئیں۔ قصور کی پولیس کیا کر رہی تھی؟ گلوبل وارمنگ اور آلودگی مستقبل میں بڑے مسائل بننے والے ہیں۔ کے پی کے حکومت نے تین سال میں ایک ارب درخت لگائے۔ سارا پاکستان کے پی کے پولیس کی مثال دیتا ہے۔ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ میں شاید واحد پاکستانی ہوں جس نے دنیا کے سارے پہاڑ دیکھے ہیں۔ ہمارا پاکستان کسی جنت سے کم نہیں ہے۔ کے پی کے میں سیاحت کے چار نئے مقامات کھولیں گے۔ انسانی حقوق کی فراہمی‘ اداروں کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن