چین ڈو مور نہیں لو مور کہتا ہے: شہباز شریف‘ پنجاب کے ساتھ تعاون ‘ مزید سرمایہ کاری کریں گے: چینی سفیر
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ غریب کی زندگی میں خوشحالی کا انقلاب لا رہے ہیں۔ سرکاری وسائل قوم کی امانت ہیں اور اسے عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کرتے رہیں گے۔ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے۔ پاک وطن کی ترقی کے مشن کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کے ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری اور شفافیت سے مکمل کیا گیا ہے۔ پاکستان کو آگے لے جانے کے لئے قومی مفادات کو مد نظر رکھ کر آگے بڑھنا ہے کیونکہ ذاتی مفادات کی سیاست ملک و قوم کے لئے زہر قاتل ہے اور پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے سب کو ایک ہونا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ہے اور ہمارا ہر قدم عوام کی خوشحالی کے لئے اٹھ رہا ہے۔ قوم تعلیم، صحت، امن اور ترقی و خوشحالی چاہتی ہے۔ ترقی کا سفر کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر تیزی سے جاری رکھیں گے۔ عوام کی خدمت مشن ہے اور یہ ہمیشہ جاری رہے گا۔ عوام کی خدمت ہمارا عزم ہے، اس عزم کو پورا کرنے کیلئے تمام ممکنہ کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔ مفاد عامہ کے منصوبوں پربلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔ فلاحی منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنیوالوں کو غریب عوام کی محرومیوں کا خاتمہ برداشت نہیں۔ نام نہاد انقلاب کا دعویٰ کرنے والے قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ عوام کو دھوکہ دینے والے کس منہ سے عوام کے سامنے جائیں گے۔ ساڑھے چار سال میں جھوٹ، الزامات اور یو ٹرن لینے والوں کو عوام معاف نہیں کریں گے۔ عوام کھوکھلے نعروں اور منفی سیاست کرنے والوں کو آئندہ انتخابات میں یکسر مسترد کر دیں گے۔ محمد شہباز شریف سے چین کے سفیر یائو جنگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی- جس میںباہمی دلچسپی کے امور، پاک چین معاشی تعلقات، سی پیک کے منصوبوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کو تیز رفتاری سے جلد سے جلد مکمل کرنے پر اتفاق ہوا۔ چینی سفیر نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے -میں کئی برس بعد لاہور آیا ہوں اور یہاں ترقی دیکھ پر بہت متاثر ہوا ہوں۔ آپ کی قیادت میں عوام کی خوشحالی کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اور پنجاب میں ترقی نظرآتی ہے اور صوبے کے عوام کیلئے آپ نے شاندار ویژن کے ساتھ عملی اقدامات کئے ہیں اور آپ پاکستان کے ویژنری لیڈر ہیں۔ آپ کی شخصیت محنت، عزم، جذبے اور لگن سے عبارت ہے۔ ہم پنجاب کے ساتھ تعاون کریں گے اور پنجاب میں مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کریں گے۔ پنجاب میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لاوزال رشتوں میں ڈھل چکی ہے اور ہمیں چین کی دوستی پر فخر ہے- انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کا رشتہ دلوں کا رشتہ ہے۔ چین دوستی کیلئے کوئی شرائط نہیں لگاتا اور چین ڈو مور کا بھی تقاضا نہیں کرتا بلکہ چین لو مور (Love More)کے اصول پر کاربند ہے۔ سی پیک پاکستان کیلئے ایک شاندار تحفہ بن کر سامنے آیا ہے اور اس منصوبے نے دونوں ملکوں کے معاشی اور سماجی تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔ سی پیک کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔ اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے میں 25 دسمبر کو مکمل ہونا تھا لیکن بد قسمتی سے ایک سیاسی جماعت نے مفاد عامہ کے اس عظیم منصوبے کو عدالت میں چیلنج کیا جس کی وجہ سے میٹروٹرین کے منصوبے پر 22 ماہ کام رکا رہااب اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر کام شروع ہو چکا ہے اور ہم نے ملکر اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔ شہباز شریف نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کم عمر ماہر ارفع کریم کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ارفع کریم پاکستان کی ہونہار، ذہین اور قابل ترین بیٹی تھی۔ ارفع کریم نے کم عمری میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔