علیم خان کے خلاف نیب تحقیقات کا آغاز، سابق ڈی جی ایل ڈی اے سمیت 5 افسر طلب
لاہور(سٹاف رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) نیب نے پی ٹی آئی رہنماء علیم خان کے خلاف جاری تحقیقات میں ایل ڈی اے کے سابق ڈی جی سمیت 5 افسران کو طلب کر لیاہے نیب کی جانب سے ڈی جی ایل ڈی اے کو خط لکھا گیا جس میں متعلقہ افسران کی پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے نیب نے علیم خان کے خلاف ملتان روڈ پر پارک ویو ہائوسنگ سوسائٹی این این آئی کے مطابق ریوایج ہائوسنگ سوسائٹی اور دیگر ہائوسنگ سکیموں میں مبینہ طور پر فراڈ اور کرپشن کے کیسز میں ملوث سابق ڈی جی راجہ عباس، پٹواری محمد اکرم ، ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم اختر زیدی ، ڈائریکٹر شیخ عبدالقیوم اور سی ایم پی خواجہ شوکت جمال کو 15 جنوری طلب کیا ہے علاوہ ازیں لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے نیب کے نوٹس اور ایل ڈی اے کی طرف سے ہونے والی کارروائی کے جواب میں کہا ہے کہ انہوں نے کبھی کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا وہ حکومت اور لیگی ہتھکنڈوں سے ہرگز مرغوب نہیں ہوں گے سرکاری ادارے حکومتی دبائو پر مصلحتوں کا شکار ہو رہے ہیں عمران کے ساتھ تھے ہیں اور رہیں گے عبدالعلیم خان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 2010 میں ایل ڈی اے سے پہلے سے منظور شدہ ہائوسنگ سوسائٹی خریدی تھی اور اب اسی کا توسیعی پلان منظوری کے لئے دیا ہے جسے جان بوجھ کر سیاسی مخالف کی بناء پر ایشو بنایا جا رہا ہے۔