سپاٹ فکسنگ : شاہ زیب حسن کیس کی سماعت پیر تک ملتوی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس)پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ کیس میں شاہ زیب حسن کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔ جمعہ کو ہونے والی سماعت میں پی سی بی کے وکلا نے شاہ زیب حسن سے لندن سے سوشل میڈیا کے ذریعے جرح کی۔ شاہ زیب کے وکیل کاشف رجوانہ نے ٹربیونل کو بتایا کہ میرے کلائنٹ نجی مصروفیت کے باعث لندن میں موجود ہیں لہٰذا سکائپ پر جواب دینگے۔ سماعت کے بعد پی سی بی وکیل تفضل رضوی کا کہنا تھا کہ شاہ زیب حسن کئی سوالات کے جواب دینے سے قاصر رہے ہیں۔ شاہ زیب حسن نے ہر سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں یاد نہیں، یہاں تک کہ انہوں نے 2010ء کے سپاٹ فکسنگ سیکنڈل سے بھی لاعلمی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں کیس کی سماعت پیر تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔