پاکستان بھارت کرکٹ سیریز میں سیاست شامل کرنا بد قسمتی ہے نجم سیٹھی
لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہاہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے آئی سی سی کو سکیورٹی کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کیلئے راضی کرلیا ہے،امید ہے بنگلہ دیش اورجنوبی افریقہ کی ٹیمیں اگلے سال پاکستان آئیں گی۔ بدقسمتی ہے کہ پاک بھار ت کرکٹ میں سیاست کو شامل کرلیا جاتاہے۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کاغیرملکی خبررساں ادارے کوانٹرویومیں کہناتھا کہ سکیورٹی کمپنی بہت سے کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بنگلہ دیش اورجنوبی افریقہ کی ٹیمیں اگلے سال پاکستان آئیں گی۔دونوں ٹیموں کے یو اے ای میں میچز شیڈول ہیں۔نجم سیٹھی نے بتایا نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا اگلے سال پاکستان نہیں آئیں گی جبکہ آسٹریلیا،نیوزی لینڈاورانگلینڈ پاکستان کا دورہ کرنے والی آخری ٹیمیں ہونگی۔انہوں نے آگاہ کیا پاکستان سپرلیگ کے 3میچز پاکستان میں ہیں جس کے لے 40سے 50کھلاڑی پاکستان آئیں گے۔ان کا پاک بھارت سیریز کے حوالے سے کہناتھا کہ پاکستان سیاست کو کرکٹ میں نہیں لاناچاہتااور بھارت کے ساتھ کہیں بھی کھیلنے کا تیارہے اور نہ ہی پاکستان کی اس حوالے سے کوئی شرط ہے۔پی سی بی سربراہ کا کہناتھا کہ بدقسمتی ہے کہ پاک بھار ت کرکٹ میں سیاست کو شامل کرلیا جاتاہے۔