• news

پی ایچ ایف نے ورلڈ الیون ہاکی ٹیم کے دورہ پاکستان کا باقاعدہ اعلان کر دیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ورلڈ الیون ہاکی ٹیم کے دورہ پاکستان کا اعلان کر دیا گیا جو 19اور21 جنوری کو بالترتیب کراچی اور لاہور میں میچز کھیلے گی۔ ورلڈ الیون ہاکی ٹیم میں دنیا بھر کے ستارے شامل ہوں گے۔ جرمنی، نیدرلینڈز، سپین، آسٹریلیا، ارجنٹینا، چین، نیوزی لینڈ اور بیلجئیم کے نامور کھلاڑی پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ورلڈ الیون ہاکی میں سپین کے کیلی، ڈیوڈ ایلگر، جوآن ایسکار، سینٹی فریسیہ، ارجنٹینا کے آگسٹن برگالو، ڈیاگو پاز، روک اولیوا، نیدرلینڈز کے ہڈی ترکسٹرا، فلپ ایمولینبرک، روڈریک ویسوتوف، روب ریکارڈرز، میٹھجیس بروؤور، روب لاتھوویرز، فلورس بیویلینڈ، جرمنی کے بینجامن ویس، کرسچن بلنک، جسٹس شارووسکے، نیوزی لینڈ کے فل بوروز، کائل پونٹی فیکس اور گرانٹ شوبرٹ جیسے نامور کھلاڑی شامل ہیں۔ پاکستان میں ہاکی بحالی کے سلسلے میں بات کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون ٹیم دنیا کے بہترین ہاکی کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو 19 جنوری کو پہلا میچ کراچی میں عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے گی۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ کراچی کا میچ فلڈز لائٹ کی روشنی میں کھیلا جائے گا جبکہ 21 جنوری کو لاہور میں ہونے والا میچ دن کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔ اسی سلسلے میں تقریب کا اہتمام کراچی میں کیا جائے گا جس میں بین الاقوامی اور مہمان کھلاڑیوں کا نام ہال آف فیم میں شامل کیا جائے گا۔ تقریب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اور قومی کھلاڑیوں کے نام ہال آف فیم میں شامل کرنے سے پاکستان ہاکی میں ایک نئے کلچر کو فروغ ملے گا جوکھیل کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن