گرین شرٹس کی ون ڈے سیریز میں واپسی کے لئے حکمت عملی تیار
لاہور(نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا مقابلہ آج ہوگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح تین بجے شروع ہوگا۔ گرین شرٹس کے کوچ اور کپتان سیریز میں واپسی اور تیسرے میچ میں کامیابی کیلئے پر عزم ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ میدان میں کامیابی کیلئے میدان میں اتریں گے ۔شاداب خان نے کہا ہے کہ غلطی کی گنجائش نہیں ، نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے میچ میں فتح کا عزم لیے میدان میں اتریں گے، بیٹنگ میں اپنی کارکردگی سے خوش،بائولنگ میں بہتری لانے کیلئے کوشاں ہوں۔قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر شاداب خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹنگ میں اپنی کارکردگی سے خوش ہیں، ہم اپنی ہوم سیریز یو اے ای میں کھیلتے رہے ہیں جس کی وجہ سے وہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ تھے تاہم نیوزی لینڈ میں کنڈیشنز بالکل مختلف ہیں، وہاں باونس زیادہ نہیں ہوتا جبکہ یہاں گیند زیادہ باونس ہوتی ہے جس کی وجہ سے بیٹسمینوں کو مشکلات درپیش ہیں، کیوی کنڈیشنز کی وجہ سے بائولنگ میں مشکل پیش آ رہی ہے، ٹیم کارکردگی بہتر بنانے کیلئے بھرپور کوشش کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ حسن علی بائولنگ کی طرح بیٹنگ میں بھی بہت جارح مزاج ہیں، انہوں نے گزشتہ میچ میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا، وہ اس سے قبل نیٹ پریکٹس میں بھی بڑے شاٹس کھیلتے ہیں۔ 9 میچز میں پاکستان کی فتح میں بولنگ کا کردار نمایاں رہا لیکن نیوزی لینڈ میںبائولنگ اچھی نہیں رہی جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو پاکستان کے ٹیل اینڈرز کی مزاحمت کھٹکنے لگی، انہوں نے کہاہے کہ بائولرز کو غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ پاکستان کی بیٹنگ میں کافی گہرائی ہے جو ایک اچھی ٹیم کی نشانی ہے، ان کی لوئر آرڈر نے اہم شراکت بنا کر ایک ایسا ہدف مقرر کیا جو ہمارے لیے مشکل ثابت ہو سکتا تھا اور ہمارے لیے ضروری ہے ہم اس چیز سے سبق سیکھیں۔ ہمارے باولرز کو اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے اب بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔