بھارتی حکومت کا تین طلاقوں کے خلاف آرڈیننس کے اجرا کا فیصلہ
نئی دہلی (نیٹ نیوز) راجیہ سبھا میں تین طلاق بل کی منظوری میں تاخیر پر مودی حکومت نے اب تین طلاقوں کیخلاف آرڈیننس جاری کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ امکان ہے کہ یہ آرڈی نینس پارلیمنٹ کے مشترکہ بجٹ اجلاس کے موقع پر جاری کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ٹرپل طلاق آرڈیننس لانے سمیت تمام آپشنز کا بغورجائزہ لے رہی ہے جسے بجٹ سیشن کے دوران پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ ٹرپل طلاق بل گزشتہ ماہ دسمبر میں لوک سبھا سے پہلے ہی منظور ہوچکا ہے لیکن راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے تحفظات کے سبب بل کی منظوری تاخیر کا شکار ہے۔ ایوان بالا کے کچھ ارکان نے تجویزدی ہے کہ بل کو نظر ثانی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کو سونپا جائے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ اور خواتین کے کئی گروپس کی جانب سے بھی اس بل کی مخالفت کی جارہی ہے۔