• news

رانا افضل اور مفتاح اسماعیل سے فرانس کے سفیر کی ملاقاتیں

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) فرانس کے سفیر مارک بیرے نے وزیر مملکت خزانہ رانا محمد افضل خان سے ملاقات کی۔ فرانسیسی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے فرانسیسی ترقیاتی بنک کی طرف سے پاکستان میں زیادہ منصوبوں کے فنانسنگ کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ فرانسیسی کمپنیاں خوراک، ریلویز ، ادویات کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے وزیر مملکت خزانہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی تجارت کو بڑھانے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت کے سمجھوتے کی بات چیت پر بھی اطمینان ظاہر کیا گیا۔دریں اثنا فرانس کے سفیر میرک بیرے، جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی اور یو اے ای کے سفیر نے مشیر ریونیو مفتاح اسماعیل سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ فرانسیسی سفیر کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ جاپان کے سفیرکے ساتھ ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم علی زیبی نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے امور پر بات چیت کی گئی۔ دوبئی ایکسپو کے معاملہ پر بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن