• news

پاکستان ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں پیش کر رہا ہے: ظفرالحق

اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)ایوان بالا میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیر کا حل کشمیر ی عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کرایا جائے گا، پاکستان ہر اہم فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھر پور انداز میں پیش کررہا ہے۔جمعہ کو آزاد جموں کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال سے آگاہی دلانے کے لیے آزاد جموں کشمیر کی قانون سازاسمبلی ، حریت کانفرنس اورتمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل 15رکنی وفد نے قائد ایوان سینٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور کشمیر کی اصل صورتحال بارے آگاہ کیا۔ کشمیر کے وفدنے قائد ایوان سینٹ کو بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان سمیت پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کی لیڈر شپ سے اجتماعی ملاقاتیں کی جائیں گی اور آج کی ملاقات اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔ وفدنے قائد ایوان سے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینٹ میں یوم کشمیر 5فروی بھر پور طریقے سے منایا جائے اور قومی سطح پر کشمیر کے بارے میں ایک تھنک ٹینک ترتیب دیا جائے جو حکومت پاکستان ، سیاسی جماعتوں اور پارلیمنٹ ہاؤ س کو کشمیر بارے رپورٹ پیش کرتا رہے۔وفد نے آزادجموں کشمیر ٹی وی کی حالت و کارکردگی بہتری بنانے کے لیے توجہ مبذول کروائی اور کہا کہ آزاد جموں کشمیر کے ریڈیو کو بھی موثر پروگرام ترتیب دینے چاہیے اور ان کی بیرون ممالک رسائی یقینی بنانی چاہیے۔ ملک کے تمام سیاستدان‘ دانشور اور اہل قلم ایک صفحے پر نہیںہیں۔

ای پیپر-دی نیشن