بچی سے زیادتی ، قتل کے ملزم کو نشان عبرت بنایا جائے: مہرین انور راجہ
لاہور( لیڈی رپورٹر)خواتین رہنماؤںنے کہاہے کہ معصوم زینب پوری قوم کی بیٹی ہے، معصوم بچی کے مجرموںکوگرفتارکرکے سرعام پھانسی دے کر نشان عبرت بنایاجائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی جرات نہ کرسکے۔ سابق وزیر مملکت انصاف و پارلیمانی امور مہرین انور راجہ نے کہا کہ ماضی میں اگر ملزموں کو سخت سزا دی جاتی تو اب یہ واقعات پیش نہ آتے ، ان واقعات پر محض پولیس افسران کے تبادلے کسی مسئلہ کا حل نہیں ، قصور میں زینب کے قتل پر ابھی تک حکومت موثر لائحہ عمل نہیں بنا سکی ، عوام پوچھ رہے ہیں کہ اس طرح کے واقعات پر کیوں غفلت برتی جاتی ہے ۔الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ کی ناظمہ صائمہ شبیر نے کہا کہ آئے دن معصوم بچیوں کی بے حرمتی تشویشناک ہے، ایسے واقعات کی روک تھام اور بیٹیوں کی بے حرمتی کرنے والوں کو نشان عبرت بنانے کے لئے خصوصی قانون سازی کی جائے۔