دیپالپور کے بچے حفاظتی ٹیکوں سے محروم کیوں؟
مکرمی! پولیو ایک انتہائی خطرناک بیماری ہے جس کا شکار بچہ عمر بھرکیلئے معذوری کا شکار ہوسکتا ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت پاکستان نے اس موذی مرض سے چھٹکارے اور ملک کو پولیو فری بنانے کیلئے ہنگامی پروگرام ترتیب دے رکھا ہے جس کے تحت ہر یونین کونسل کیلئے ویکسی نیٹر مقرر کیا گیا ہے جس کی ہدایات اور نگرانی میں لیڈی ہیلتھ ورکرزگھر گھر جاکر بچوں کو حفاظتی انجکشن لگاتی ہیں تاکہ بچے پولیو جراثیم سے محفوظ رہ سکیں۔ دیپالپور میں بھی یہ سلسلہ جاری ہے مگر یہاں کی یونین کونسل نمبر 105 کے ویکسی نیٹر امانت علی صاحب کی نومبر میں پروموشن ہوگئی جس کے بعد ان کی جگہ پر کوئی ویکسی نیٹر مقرر نہیں کیا گیا ہے اور اس وجہ سے یونین کونسل 105 میں کسی بچے کو حفاظتی ٹیکے نہیں لگائے گئے۔ اگرچہ اس کے متبادل کے طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر میں ٹیکے لگوانے کا انتظام ہے مگر وہاں پر تمام خواتین نہیں جاتیں جس کی وجہ سے بچوںکی بڑی تعداد حفاظتی ٹیکوں سے محروم رہ جاتی ہے اوراس گھمبیر صورتحال کے باعث عوام میں گہری تشویش پائی جارہی ہے لہٰذا میری محکمہ صحت کے ذمہ داران خصوصاً سی ای او ضلع اوکاڑہ اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سے اپیل ہے کہ اس اہم مسئلہ کی جانب خصوصی توجہ دیتے ہوئے یوسی 105 کیلئے نئے ویکسی نیٹر کی تعیناتی جلد از جلد عمل میں لائیں کہ ورنہ اس غفلت سے کئی بچے پولیو کا شکا ر ہوسکتے ہیں۔ (قاسم علی دیپالپور۔ موبائل نمبر 03336923115)