پتوکی: جاں بحق طالبعلم کے اہل خانہ کیلئے وزیراعلیٰ کی طرف سے 30 لاکھ روپے کا چیک
پتو کی (نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایت پر چیئرمین ضلع کونسل قصور رانا سکندر حیات خاں اور ایم این اے رانا محمد حیات خاں جاں بحق ہونیوالے چھٹی کلاس کے طالب علم اشراق احمد عرف بھولی کے گھر پہنچ گئے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے اہل خانہ کو 30لاکھ روپے کا چیک دیا۔گزشتہ دنوں اغوا کے بعد قتل ہونیوالے چھٹی کلاس کے طالب علم اشراق احمد عرف بھولی کے اہلخانہ سے ملاقات کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایت پر چیئرمین ضلع کونسل قصور رانا سکندر حیات اور ایم این اے رانا محمد حیات خاں انکے گھر گئے اور انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے مالی معاونت کیلئے 30 لاکھ روپے کا چیک دیا جبکہ انکے والد کے علاج معالجہ اور انکے بچے کیلئے گاؤں کے سکول میں نوکری دینے کا بھی اعلان کیا جبکہ ایم این اے رانا محمد حیات خاں نے گاؤں کی سڑک اور تعمیر و ترقی کیلئے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔اسسٹنٹ کمشنر پتوکی انعم زید بھی اس موقع پر موجود تھیں۔