نواز شہباز شریف طویل , ملاقات پرسوں اپوزیشن کے پر امن احتجاج کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ
لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے گزشتہ روز سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نوازشریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگی حکومت کے خاتمے، لاہور میں پرسوں اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج اور ملک کی دیگر سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ میاں شہباز شریف حسب معمول اتوار کو جاتی امرا پہنچے جہاں انکی میاں نوازشریف سے طویل ملاقات ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے میاں نوازشریف کو اپنے میٹرو منصوبے کے علی الصبح وزٹ اور صوبے کے دوسرے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار سے آگاہ کیا۔ میاں شہباز شریف اور میاں نوازشریف کی ملاقات میں پرسوں شاہراہ قائداعظم پر آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلے کے مطابق ہونیوالے احتجاج کے بارے بھی بات ہوئی اور یہ طے پایا پرامن احتجاج کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائیگی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے میاں نوازشریف کو قصور میں 6 سالہ زینب سے زیادتی اور قتل کے واقعات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق میاں نوازشریف کا کہنا تھا مسلم لیگ کی حکومت کو پہلے دن سے دھرنوں اور احتجاج کا سامنا ہے۔ سازشیوں کو اپنے مذموم عزائم میں کامیابی نہیں ہوگی آنیوالے انتخابات میں عوام انہیں بدترین شکست دیں گے۔ ملاقات میں مریم نواز اور حمزہ شہباز نے بھی شرکت کی۔