• news

منڈی بہائوالدین: نوعمر لڑکوں سے زیادتی کی ویڈیو بنانے والے گینگ کا انکشاف‘ والدین کا احتجاج

منڈی بہائوالدین(نامہ نگار) فیس بک پردوستی کرکے نوعمر لڑکوں کے ساتھ زیادتی کرکے انکی ویڈیو بنانے والے گینگ کا انکشاف، تین طالب علم بچوں کا والدین کے ساتھ کالج چوک میں ٹائر جلاکر احتجاجی مظاہرہ، پولیس کے ساتھ مذاکرات ناکام، ملزمان زیادتی کرنے کے بعد بچوں سے بھتہ بھی وصول کرتے تھے اور بھی بچے اس گینگ کی درندگی کا شکار ہوئے ہیں لیکن وہ خوف اور عزت سے سامنے نہیں آنا چاہتے ‘ورثاکی صحافیوںسے گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں فیس بک کے ذریعے نوعمر لڑکوں کو دوستی کا جھانسہ دیکر دعوت دیکر ہوٹل میں بلاکر زیادتی کا نشانہ بنانے والے گینگ کا انکشاف ہوا محلہ گوڑھا کے تین لڑکوں کی گذشتہ تین ماہ سے زاہد نامی نوجوان کے ساتھ فیس بک پر دوستی ہوئی۔ ان تینوں دوستوں کو جن کی عمریں 13سے 14سال کے درمیان ہیں، دعوت دیکر صدر بازار چوک میں واقعہ ہوٹل کے کمرے میں بلوایا گیا اور انکے ساتھ زیادتی کرنے کے بعد انکی ویڈیو بنائی گئی، ملزمان تین ماہ سے ان بچوں سے ویڈیو فیس بک پر ڈالنے کی دھمکی دیکر بھتہ بھی وصول کررہے تھے، پولیس سٹی تھانہ کی طرف سے کارروائی نہ کرنے پر تینوں بچوں اور انکے ورثا نے کالج چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلاکر روڈکو بلاک کردیا، ان کا کہنا تھا کہ انہیں سپریم کورٹ اورآرمی چیف کی طرف سے زینب کیس کا نوٹس لینے پرحوصلہ ملا اور وہ اپنے والدین کی بے عزتی کی وجہ سے سامنے نہیں آرہے تھے لیکن ملزمان کی جانب سے دھمکیوں اور بلیک میلنگ کا سلسلہ بڑھنے پر انہیں اپنے تحفظ کیلئے سامنے آنا پڑا ہے، پولیس نے ورثا کے ساتھ مذاکرات کئے جوکامیاب نہیں ہوسکے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمارے بچوں کے ساتھ ظلم ہوا ہے اور وہ سپریم کورٹ سے انسانی ہمدردی کے نام پراپیل کرتے ہیں کہ انہیں انصاف دیاجائے اور بااثر ملزمان کو گرفتار کیا جائے، پولیس نے ایک بچے کے ساتھ زیادتی کی ایف آئی آردرج کرلی ہے جبکہ متاثرہ دو طالب علموں نے اپنے مقدمہ کے درج ہونے کا مطالبہ کیا ہے، بچوں کا کہنا ہے کہ اور بھی بچے اس گینگ کی درندگی کا نشانہ بنے ہیں لیکن وہ عزت کی وجہ سے سامنے آنے سے گریزاں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن