فیصل ٹائون میں بیروزگاری سے دلبرداشتہ ڈاکٹر نے زندگی کا خاتمہ کرلیا، حافظ آباد، اختر آباد میں بھی تین خودکشیاں
لاہور (نامہ نگار+ نمائندگان) فیصل آباد میں مبینہ طور پر ایم بی بی ایس ڈاکٹر نے نوکری نہ ملنے پر دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں نگل کر خودکشی کرلی۔ ایم بلاک کا رہائشی 27 سالہ ڈاکٹر شعیب ایم بی بی ایس کے بعد مناسب نوکری کی تلاش میں تھا مگر اسے نوکری نہ ملی جس پر دلبرداشتہ ہو کر ڈاکٹر شعیب نے زہریلی گولیاں نگل لیں۔ اسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کرکے تفتیش شروع کردی۔ پولیس کے مطابق اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔ علاوہ ازیں دیگر واقعات میں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ طلاق یافتہ خاتون سمیت 3 افراد نے خودکشی کرلی۔ گجرات میں چار بچوں کے باپ 45 سالہ نواز نے پنکھے سے رسی لٹکا کر پھندا لے لیا۔ حافظ آباد کے محلہ رشیدپورہ میں 35سالہ شخص ساجد فاروق نے مبینہ طور پر بیوی سے جھگڑے کے بعد گلے پر تیز دھار آلہ پھیر کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ اختر آباد میں سمیرابی بی نے طلاق ملنے پر دلبرداشتہ ہوکر اس نے زہریلی گولیاں کھالیں۔