حسن عار ف کا قتل کراچی میں بدامنی پھیلانے کی سازش ہے: فاروق ستار
ملتان(آئی این پی ) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم لندن کے رہنما پروفیسر حسن عارف کا بہیمانہ قتل کراچی میں بدامنی پھیلانے کی سازش ہے۔ جنوبی پنجاب میں بہت سے مسائل ہیں، مسائل کے حل کیلئے کوئی خاطرخواہ اقدام نہیں کیے گئے۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں کی امیدیں ایم کیوایم پاکستان سے ہیں، ایم کیوایم پاکستان کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہے اورپتنگ کا نشان اگلے الیکشن میں بھی لوگوں کی امید کا مرکز ہوگا۔ ایم کیو ایم عام آدمی اورغریب کو ٹکٹ دے گی۔ انہوں نے کہا2018 انتخابات کا سال ہے، انتخابات کی بساط بچھ رہی ہے جبکہ الیکشن ہوجائے تو پھر کوئی دھرنا نہیں ہوگا۔ ملتان ائر پورٹ پر حسن عارف کے قتل کی خبر ملی ہم ان کے پسماندگان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ آن لائن کے مطابق انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات نہ ہونے سے پیسے کی ریل پیل روکنے کی کسی جماعت نے بھی کوشش نہیں کی تو عام آدمی کے لیے الیکشن لڑنا بہت مشکل ہو گا۔ ایم کیو ایم پاکستان پورے ملک سے انتخابات میں حصہ لے گی۔ ملتان میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے موقع پر فاروق ستار نے کہا جنوبی پنجاب کے ساتھیوں سے مل کر مشاورت کے ساتھ امیدواروں کا فیصلہ کریں گے۔