گورنر بلوچستان کو بدلنے کا فیصلہ، یعقوب ناصر بن سکتے ہیں، اپوزیشن لیڈر کے لئے دوڑ شروع
کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان میں وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کے بعد گورنر بلوچستان کو بھی تبدیل کرنے فیصلہ کر لیا گیا، سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ہدایت جاری کر دی کہ بلوچستان میں گورنر کی تبدیلی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں، مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سردار یعقوب خان ناصر کو بلوچستان کا گورنر بنائے جانے کا امکان ہے۔ مزید برآں بلوچستان اسمبلی میں پشتونخوا میپ اور جے یو آئی کے درمیان اپوزیشن لیڈر بنانے کی دوڑ شروع ہوگئی۔ اس دوڑ سے دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی ہے پشتونخواہ میپ اور سابق اپوزیشن اتحاد کو اس وقت 13، 13 ارکان کی حمایت حاصل ہے، نیشنل پارٹی 8 ارکان کے ساتھ اپوزیشن میں آ گئی ہے۔