• news

حکومت نے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کرکے انتخابی وعدے پورے کئے: خرم دستگیر

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے نامساعد ترین حالات میں دن رات کام کر کے ملک کو لاحق سنگین بحرانوں اور مسائل کو شکست دی۔ لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کر کے انتخابی وعدے پورے کر دیئے، نواز شریف عوام میں سرخرو ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم پی اے حاجی نواز چوہان کی بہن کے ا نتقال پر اظہار تعزیت کے بعد مسلم لیگی رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 2013ء کے مقابلے میں 2018ء کا پاکستان بہت روشن اور پرامن ہے، نواز شریف کی سچی نیت والی قیادت نے ناممکنات کو بھی ممکنات میں بدل کر دکھا دیا، مخالفین ساڑھے چار سال مسلم لیگ ن کی حکومت کی ٹانگیں کھینچنے میں مصروف رہے جبکہ حکومت عوام کی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا رہی ہے، ملک کے طول و عرض میں ہونے والی بے مثال ترقی کی ایک ایک اینٹ پر شیر کے نشان کی مہر لگی ہوئی ہے ،نواز شریف کی مخالفت کرنے والے گروہ عوام کو پسماندہ رکھنا اورملک کوپتھر کے زمانے میں دھکیلنا چاہتے ہیں لیکن شریف برادران کی قیادت عوام کے تعاون اور حمایت سے ترقی کا یہ سفر جاری رکھے گی۔

ای پیپر-دی نیشن