جوہری معاہدہ ہمارے لئے کامیابی ہے‘ ٹرمپ سبوتاژ کرنے میں ناکام ہو گئے: ایرانی صدر
تہران (آئی این پی+اے ایف پی)ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکہ تہران اور بڑی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے کو سبوتاژ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔اتوار کے روز ایرانی ٹیلی وژن پر اپنے براہ راست خطاب میں روحانی نے کہا کہ امریکی انتظامیہ اور ٹرمپ بارہا کوششوں کے باوجود جوہری معاہدے کو سبوتاژ کرنے میں ناکام رہے۔ یہ معاہدہ ایران کے لیے ایک طویل المیعاد کامیابی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز جوہری معاہدے کی آخری مرتبہ توثیق کی۔ تاہم انہوں نے اپنے یورپی حلیفوں اور کانگریس سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹرمپ کے ساتھ اس معاہدے کی "حیران کن خامیوں" کی درستی کے لیے کام کریں، بصورت دیگر امریکا اس معاہدے سے دست بردار ہو جائے گا۔ ادھر ایرانی عدلیہ کے ترجمان نے بتایا حالیہ حکومت مخالف مظاہروں اور ہنگاموں میں 25افراد مارے گئے‘ 465 ابھی زیرحراست ہیں۔ غلام حسین محسنی نے کہا ان میں سے کوئی بھی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے نہیں مارا گیا۔