اے ٹی ایم ڈیوائس کے ذریعے ر قم نکالنے والا چینی باشندہ گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر) پولیس نے ٹیپو سلطان روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے چینی باشندے کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے لاکھوں روپے نقدی اور اسکمنگ ڈیوائس برآمد کرلی۔ علی الصبح پولیس مددگار 15 پر مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کراچی کے علاقے ٹیپو سلطان روڈ پر کارروائی کی جس کے دوران ایک چینی باشندے کو گرفتار کرلیا جبکہ 3 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اے ٹی ایم مشین میں نصب کی جانے والی اسکمنگ ڈیوائس اور ساڑھے 6 لاکھ روپے نقدی برآمد کرلی گئی ہے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل بھی پولیس نے 2 چینی باشندوں کو نجی بینک کے اے ٹی ایم میں اسکمنگ مشین لگاتے گرفتار کیا تھا جو ان دنوں پولیس ریمانڈ پر ہیں۔چند ماہ قبل اے ٹی ایم اسکمنگ کے ذریعے فراڈ کی وارداتوں کا انکشاف ہوا تھا جس میں کئی شہریوں کا ڈیٹا ہیک کرکے ان کے اکاؤنٹ سے رقوم نکلوائی گئی تھیں۔صارفین اور بینکوں کی شکایات پر ایف آئی اے کئی ہفتوں سے ملزمان کی تلاش میں مصروف تھا۔