• news

انڈین آرمی چیف کا بیان غیر تعمیری، بھارت امن سبو تاژ کرنیوالے اقدامات سے باز رہے: چین

بیجنگ + سرینگر (نوائے وقت رپورٹ + کے پی آئی + آئی این پی) چینی وزارت خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کے چین سے متعلق بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان غیر تعمیری ہے ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان باہمی تعلقات کو بہتربنانے کے خلاف ہے۔ اس طرح کے بیانات سے سرحدوں پر امن اور استحکام کو نقصان پہنچے گا۔ بھارت امن کو سبوتاژ کرنے والی بیان بازی اور اقدامات سے باز رہے۔ بھارتی آرمی چیف نے تین روز پہلے شمالی سرحد پر توجہ بڑھانے کی بات کی تھی۔ چین نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لئے ماضی سے سرحد ی خلاف ورزی کے واقعات سبق سیکھے ،اسے تاریخی حد بندیوں کی پاسداری کرنی چاہئے ،چین اپنے حقوق کی حفاظت کرنا جانتا ہے،بھارت ترقی کے لئے دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنائے، بھارتی آرمی چیف دروغ گوئی سے گریز کریں، بھارتی فوج مستقبل میں گزشتہ سال طرز کی سرحدی حدود کی خلاف وزری کو دہرانے سے گریز کرے، چین اور بھارت اہم پڑوسی ممالک ہیں۔دونوں ملکوں کو اسٹریٹجک رابطوں کو مضبوط بناتے ہوئے تعاون کرنا چاہیے۔ پیر کو معمول کی پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارت کے ترجمان لو کھانگ نے کہا ہے کہ ڈوکلام چین کا متعلقہ علاقہ ہے۔چین اپنی علاقائی سلامتی کا دفاع کسی بھی قیمت پر کرنے کو تیار ہے۔ بھارتی آرمی چیف بپن راوت کی جانب سے ایسے بیانات دونوں ممالک مابین فاصلوں کو بڑھانے کا سبب بن رہے ہیں۔ بھارتی آرمی چیف نے اگر اس چینی علاقے کا حوالہ دیا ہے تو چین اس بات پر یقین رکھتاہے کہ بھارت اس پوزیشن سے بخوبی واقف ہے ، بھارتی آرمی چیف کابیان غیر تعمیری ہے۔ مقبوضہ کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے بھارتی فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کے متنازعہ بیان پر احتجاج کیا اور واک آئوٹ کر گئے۔ حزب اختلاف کے ارکان نے ہنگامہ کھڑا کردیا اور نعرے لگائے، جس میں جنرل راوت نے کہا تھا کہ جموں کشمیر کی مساجد اور مدرسوں میں غلط اطلاعات پھیلائی جاتی ہیں، جس کے نتیجے میں نوجوانوں میں بنیاد پرستی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ فوجی سربراہ نے یہ بھی کہا تھا کہ کشمیر کے سرکاری سکولوں میں بچوں کو دو طرح کے نقشے دکھائے جاتے ہیں ، ایک بھارت کا اور ایک وہ جس میں جموں کشمیر الگ دکھایا جاتا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے ممبر اسمبلی اور سینئر لیڈر علی محمد ساگر نے ایوان میں فوجی سربراہ کے متنازعہ بیان پر حکومت کو بیان دینے کے لئے کہا۔ ادھر نیشنل کانگریس نے وزیراعلی محبوبہ مفتی سے وضاحتی بیان کا مطالبہ کیا۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ جن کو آپ دہشت گرد کہتے ہو وہ ہمارے بچے ہیں بھارتی جنرل نے الزام لگایا تھا کہ کشمیر کا میڈیا اور سکول انتہا پسندی کو ہوا دے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن