• news

سی پیک کی تکمیل سے پاکستان خطے میں تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا: شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تقریباً 5.5 فیصد کی شرح نمو کے ساتھ ترقی کرتی ہوئی پاکستانی معیشت، نقل و حمل اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبہ جات میں وسیع کاروباری مواقع پیش کرتی ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری نے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطہ کیلئے اقتصادی مواقع کی نئی راہیں کھولی ہیں جنہیں مساوی فوائد حاصل کرنے کیلئے بروئے کار لایا جانا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات انٹرنیشنل فیڈریشن آف فریٹ فارورڈرز ایسوسی ایشنز (ایف آئی اے ٹی اے) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے اپنے صدر بابر بادات کی قیادت میں پیر کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر مملکت صنعت و پیداوار سردار محمد ارشد خان لغاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے سابق صدر ہو چیانگ ژائو، رابرٹ اے وولٹ مین، فرانسسکو ایس پریسی، آئیون پیٹرووف، بیسل پیٹریسن، ترگت ارکسکن اور ہانس گنتھر شامل تھے۔ وزیراعظم نے وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 5.5 فیصد کی شرح نمو کے ساتھ پاکستان کی ترقی کرتی ہوئی معیشت نقل و حمل اور ٹرانسپورٹ کے شعبہ سمیت مختلف شعبہ جات میں وسیع کاروباری مواقع پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1800 کلومیٹر سے زائد کی 6 لین کی موٹرویز اور دیگر شاہرات اور ایکسپریس ویز کے اضافہ سے پاکستان کے شاندار شاہراتی ڈھانچہ کو لاجسٹکس کمپنیاں نہ صرف ترقی کرتی ہوئی معیشت کے مقامی تقاضوں بلکہ پورے خطہ کی متعلقہ ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بروئے کار لا سکتی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کی کامیاب تکمیل کے بعد پاکستان بالخصوص خشکی میں گھرے ہوئے افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کیلئے وسیع تر علاقائی تجارت اور رابطہ کا محور بننے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے علاقہ کیلئے مواقع کی نئی راہیں کھولی ہیں، ان اقتصادی مواقع کو مساوی فوائد حاصل کرنے کیلئے بروئے کار لایا جانا چاہئے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عباسی سے ترکمانستان کے وزیرخارجہ نے ملاقات کی۔ وزیرخارجہ ترکمانستان کے صدر کا تہنیتی پیغام وزیراعظم کو پہنچایا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو تاپی منصوبے اور توانائی کے دیگر منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ ترکمانستان کے وزیرخارجہ نے ادویات سازی کے منصوبوں میں پاکستان کو شمولیت کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے دورہ ترکمانستان کی دعوت بھی قبول کرلی۔ قبل ازیں ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میدوف کا اسلام آباد پہنچنے پر وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ان کا استقبال کیا۔ خواجہ آصف نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ کو دورے کی دعوت دی تھی۔ ترکمانستان کے وزیر خارجہ کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تاریخی سیاسی‘ سفارتی اور روایتی تعلقات ہیں‘ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مسلسل فروغ پارہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن