• news

طالبان کی ترکی میں افغان حکومت کے نمائندوں سے ملاقات کی تردید

کابل (این این آئی) طالبان نے ترکی میں افغان حکومت کے نمائندوں سے ملاقات کی تردیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے نہ ہی اپنا وفد بھیجا اور نہ ہی اسلامی امارات کے کسی نمائندے نے اجلاس میں شرکت کی ہے اس طرح کے جھوٹے دعوے خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے کئے جاتے ہیں، جو جہاد کو روکنا چاہتی ہیں۔ افغان حکومت کے عہدیداروں نے استنبول میں طالبان کے نمائندوں سے غیرسرکاری ملاقات کی، جس میں امن مذاکرات کے لئے نیا راستہ اپنانے کے طریقہ کار پر بحث کی گئی۔ امریکی ٹی وی کے مطابق اس اجلاس کو ترک حکومت کے تعاون سے منعقد کرایا گیا۔ رپورٹس میں کہا گیا کہ اجلاس کے شرکاء میں قطر میں قائم طالبان کے دفتر کے حکام اور حزب اسلامی افغانستان سمیت دیگر مسلح تنظیموں کے ممبران نے شرکت کی۔ حزب اسلامی افغانستان کے ترجمان محمد نادر افغان نے اپنی تنظیم کی جانب سے اجلاس میں شرکت کی خبروں کی تصدیق کی جبکہ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنی تنظیم کی استنبول اجلاس میں شرکت کی خبروں کی تردید کی۔ طالبان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم نے نہ ہی اپنا وفد بھیجا اور نہ ہی اسلامی امارات کے کسی نمائندے نے اجلاس میں شرکت کی، اس طرح کے جھوٹے دعوے خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے کیے جاتے ہیں، جو جہاد کو روکنا چاہتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن