’’پٹرول 49 روپے 10 پیسے لٹر ملتا ہے‘‘
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی میں دو الگ توجہ دلاؤ نوٹسز کا جواب دیتے ہوئے بتایا گیا جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ خالد شمیم وائیں کی گاڑی کو موٹروے پر حادثہ’’کیٹ آئی‘‘ کی وجہ سے نہیں بلکہ ٹائر پھٹنے سے پیش آیا۔ ٹائر آف روڈ تھے جبکہ گاڑی میں ائر بیگ میں سے ایک بھی نہیں کھلا۔ پٹرول 49 روپے 10 پیسے فی لٹر ملک کے اندر آتا ہے اور اس پر سیلز ٹیکس، لیوی اور دوسری لاگت وصول کی جاتی ہے۔ قومی اسمبلی میں عمارا خان، ثریا اصغر کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے مواصلات جنید انور چوہدری نے کہا این ایچ اے اپنے منصوبوں میں روڈ سیفٹی کے معیار کو ترجیح دیتی ہے۔ کیٹ آئیز پلاسٹک استعمال ہوتی ہے جبکہ یوٹرن پر سٹیل کی استعمال ہوتی ہیں۔ صوبوں کو ہدایت کریں گے وہ پلاسٹک کی کیٹ آئیز استعمال کریں۔ راجہ جاوید اخلاص نے کہا تیل کی قیمتیں عالمی قیمتوں اور معاشی حالات کے پیش نظر مقرر کی جاتی ہیں۔ تیل کی قیمت 40 سے 112 ڈالر کے درمیان رہی۔اب پھر قیمتوں میں اضافہ کا رجحان ہے۔ عوام کی سکت کے مطابق عوام پر بوجھ ڈالا جاتا ہے۔ بھارت میں تیل 126 روپے فی لٹر ہے۔ حکومت نے عوام کو تیل کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا ہے۔