خطہ میں امن کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں : یورپی یونین
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے یورپی یونین کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص افغانستان کے تناظر میں امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئس کاشن اور افغانستان میں یورپی یونین کے خصوصی نمائندہ رولینڈ کوبیا سمیت دیگر شامل تھے۔ سفیر نے خطہ اور افغانستان میں پائیدار امن و خوشحالی کیلئے یورپی یونین کے کردار کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین تمام علاقائی اور بین الاقوامی ممالک سے رابطے اور مشاورت سے افغانستان میں امن کی خواہاں ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کو درپیش چیلنجز سے آگاہ ہے اور پاکستان جس طرح ان چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ سفیر نے قومی سلامتی کے مشیر سے انسداد دہشت گردی، فوجی اور انٹیلی جنس تعاون اور افغانستان میں اندرونی سیاسی امن عمل کے امور سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا۔ قومی سلامتی کے مشیر نے افغانستان میں سلامتی کی صورتحال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ناصر خان جنجوعہ سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مدارس کے طالب علموں کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے اصلاحات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے دوران اتحاد تنظیم المدارس پاکستان کے نمایاں اراکین مفتی منیب الرحمن، قاری محمد حنیف جالندھری، محمد یاسین ظفر، مولانا عبدالمالک، مولانا نیاز حسین نقوی بھی موجود تھے۔