دھرنوں سے پاکستان کی حالت ٹھیک نہیں ہو سکتی، آئیں مل کر ملک سنواریں: شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنوں سے پاکستان کی حالت نہیں سنور سکتی آئیں ملکر ملک کو سنواریں۔پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خداراپاکستان کو تباہ نہ کریں، قوم قائد اور اقبال کا پاکستان دیکھنا چاہتی ہے، میں دعوت دیتا ہوں آئیں سب ملکر ملک کو قائد کا پاکستان بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیں میرے ساتھ ملکر سندھ ، خیبرپی کے اور دیگر صوبوں کی ترقی کیلئے کام کریں۔وزیراعلیٰ نے سوئمنگ کمپلیکس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔کوچزاور کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کھلاڑی بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں اور ملک کے لئے گولڈمیڈل جیت کر لائیں۔ حکومت صوبے میں سپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کیلئے 8ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔قانون کی حکمرانی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے اور ہم نے اس ضمن میں غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اورہمیں اسے ملکر سنوارنا ہے۔ دھرنوں ،لاک ڈائون اور احتجاج سے کوئی قوم ا ور ملک آگے نہیں بڑھتا -اگر آپ نے دھرنوں اور احتجاج کے ذریعے قائدؒؒ کی روح کو تڑپانے کی کوشش کی تو یہ قوم آپ کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دے گی ۔دھرنوںاوراحتجاج سے قومیں نہیں بنتی، ہمیں ملکر ملک کا نام روشن کرناہے چاہے وہ کھیل کامیدان ہو یا میدان سیاست ۔انہوں نے کہاکہ افتتاحی تقریب میں اختر رسول،انتخاب عالم،عاقب جاوید او رظہیر عباس جیسے نامور کھلاڑی موجود ہیںجنہوں نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیاہے۔ہمیں کھیلو ں کے فروغ کے لئے ا ن عظیم کھلاڑیوں کی خدمات بھی حاصل کرنی چاہیے۔ وزیراعلی نے منصوبے میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے پنجاب سپورٹس بورڈکے 70 ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لئے معیار مقرر کیا جائے گا جو اس پر پورا اترے گا اسے ریگولر کر دیاجائے گا۔ چیئرمین سٹیئر نگ کمیٹی سپورٹس سیکٹر ڈویلپمنٹ پنجاب حنیف عباسی نے بھی تقریب سے خطاب کیا- وزیراعلی شہبازشریف نے تیراکی کے دو مقابلے بھی دیکھے اور مقابلے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گزشتہ روزمیو ہسپتال میں سرجیکل ٹاور کا دورہ کیا۔انہوں نے آپریشن تھیٹرز، جدید سی ٹی سکین مشینوں،91بستروں پر مشتمل برن یونٹ سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلی محمد شہبازشریف نے کہاکہ پنجاب حکومت شعبہ صحت کی بہتری اورعوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور صوبہ بھر کے عوام کو ان کی دہلیز پر جدید سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ڈیجیٹل انجیوگرافی اور ویسکولر سرجری پاکستان میں پہلی بار متعار ف کرائی جا رہی ہے- انہوں نے برن سنٹر وارڈ ،آئی سی یو ، ٹریٹمنٹ روم اورسٹرلائزیشن روم کا بھی دورہ کیا۔میوہسپتال کا جدید ترین سرجیکل ٹاور 1ارب 10کروڑ 10لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیاہے -سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے وزیراعلی کو سرجیکل ٹاور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ نے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں خواتین تیراک کیلئے بنے ہوئے سوئمنگ پول کا معائنہ کیا۔علاوہ ازیں شہباز شریف کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی کے نوتعمیر شدہ میڈیکل وارڈ کو سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید شہید کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے۔