• news

ورلڈ الیون کے دورہ سے پاکستان میں ہاکی کی سرگرمیاں بحال ہونگی : بوولینڈر، اسکارے

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)دنیا کے مشہور پینالٹی کارنر سپیشلسٹ فلورس جان بوولینڈر اور سپین کے سابق کپتان جان اسکارے کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون کی آمد سے پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کی سرگرمیاں بحال ہوں گی۔ہالینڈ کے عظیم پنالٹی کارنر سپیشلسٹ فلورس جان بوولینڈر 18 جنوری کو پاکستان آرہے ہیں اس بار میچ کھیلنے نہیں بلکہ پاکستان مین انٹرنیشنل ہاکی میچز کی بحالی کی امیدیں روشن کرنے آرہے ہیں۔ بوولینڈر نے ویڈیو بیان میں کہا کہ ان کی پاکستان سے بہت ہی اچھی یادیں وابستہ ہیں۔ 1990 میں لاہور میں پاکستان کو عالمی کپ کے فائنل میں شکست دینا یاد گار لمحہ تھا لیکن چار سال بعد پاکستان نے ہالینڈ کو شکست دیکر حساب برابر کر دیا تھا۔بوولینڈر نے اپنے دفتر میں پاکستان ہالینڈ میچ کی تصویر بھی لگا رکھی ہے۔پاکستان میں ورلڈ الیون کی آمد سے امید ہے انٹرنیشنل ہاکی کی سرگرمیاں دوبارہ سے بحال ہوجائیں گی اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کا یہ اقدام قابل ستائش ہے۔ سپین کے سابق کھلاڑی جان اسکارے نے بھی ویڈیو بیان میں پاکستان آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ الیون کی آمد سے پاکستان میں ایک بار پھر ہاکی کے میدان آباد نظر آئیں گے۔ سپین نے جان اسکارے کی قیادت میں لاہور میں 2004 کی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن