• news

ون ڈے سیریز: پاکستان کو مسلسل چوتھی شکست‘ نیوزی لینڈ5 وکٹوں سے کامیاب

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ہملٹن کے سیڈون پارک کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-4 کی برتری حاصل کرلی ہے، پاکستان کی جانب سے 262 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور منرو نے کیا، دونوں اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا اور 88 رنز کی شراکت قائم کی، منرو نے نصف سنچری سکور کی اور 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ مارٹن گپٹل نے 31 رنز بنائے تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف 99 کے مجموعی سکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔154 رنز پر نیوزی لینڈ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی جس کے باعث کیویز مشکلات کا شکار ہوگئے تاہم ہینری نکولس اور گرینڈ ہوم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیااور 109 رنزکی شراکت قائم کی جس کے باعث نیوزی لینڈ نے 46 ویں اووز میں ہدف حاصل کرلیا، ہنری نکولس نے 52 اور گرینڈ ہوم نے 74 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔اس سے قبل قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز فخر زمان اور فہیم اشرف نے کیا، اننگز کے ؤغاز سے ہی پاکستان کی بیٹنگ سست روی کا شکار رہی اور 7 کے مجموعی سکور پر فہیم اشرف آؤٹ ہوگئے، کچھ ہی دیر بعد ون ڈاؤن آنے والے بابر اعظم صرف 3 رنز بناسکے اور واپس پویلین لوٹ گئے۔ 11 کے مجموعی سکور پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری سکور کی۔فخر زمان 54 رنز بناکر 97 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئے تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں حارث سہیل اور سرفراز احمد نے نصف سنچریاں سکور کیں اور ٹیم کا سکور آگے بڑھایا جبکہ محمد حفیظ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 81 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز سکور کیے۔واضح رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن