• news

دھرنادینے والے شوق پورا کرلیں کچھ حاصل نہیں ہوگا: خادم رضوی

کراچی (نیوز رپورٹر) تحریک لبیک یارسول اللہ ا پاکستان کے امیر حافظ علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ دھرنا جمہوری عمل ہے۔ تحریک لبیک کے فیض آباد دھرنے سے بہت سارے لوگوں اور بعض اینکرز کو بہت پریشانی تھی۔ اب دیکھیں گے آج سے شروع ہونے والے دھرنے کے شوقین کیا حاصل کرتے ہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ علامہ خادم حسین رضوی نے کہا کہ دھرنا دینے والے شوق پورا کرلیں کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ کچھ کرنا چاہتے ہیں تو مودی اور ٹرمپ کو للکاریں۔علامہ حافظ خادم حسین رضوی کا کہنا تھا کہ لٹیرے کو جوتے مارنے کی ضرورت نہیں، کہیں جانا چاہتے ہیں جائیں، ہمارا مال واپس کرکے جائیں۔ انہوں نے کہا مورتیوں پر دودھ چڑھانے والوں کو تھر میں بھوک سے مرنے والے بچوں کا درد نہیں ہے۔ میرا مولانا فضل الرحمان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔ خادم حسین رضوی نے ان باتوں کی تردید کی کہ ان کا کسی سے انتخابی اتحاد ہوا ہے۔ وقت آنے پر یہ فیصلہ جماعت کی شوریٰ کرے گی۔ ان سے پوچھا گیا کہ حافظ سعید کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے پاس میجر جنرل کا عہدہ ہے آپ کے پاس بھی کوئی ایسا عہدہ ہے جس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میرے پاس سگ پاک رسولؐ کا عہدہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن