تحریک انصاف کا سب سے بڑا منصوبہ باب پشاور فلائی اوور 2 برس بعد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار
پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور میں تحریک انصاف کا پہلا میگا پراجیکٹ ’’باب پشاور فلائی اوور‘‘ تکمیل کے پہلے دو سالوں میں ہی ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہوگیا، پونے 2ارب کی لاگت سے بننے والا یہ پل گزشتہ 4 برسوں کے دوران تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کا سب سے بڑا منصوبہ تھا جس کا افتتاح چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 18جنوری 2016ء کو کیا تھا۔ باب پشاور فلائی اوور کے نچلے حصے کا سیمنٹ اکھڑ گیا ہے جبکہ کئی جگہوں سے دراڑیں پڑنے سے فلائی اوور کے گرنے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ لوگوں نے ضلعی انتظامیہ کو فلائی اوور میں دراڑیں پڑنے کی شکایت بھی درج کرائی ہے۔ فلائی اوور میں دراڑیں پڑنے سے لوگ خوف وہراس میں مبتلا ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فلائی اوور کی جلد ازجلد مرمت کی جائے جبکہ ناقص میٹریل استعمال کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق پل میں پڑی دراڑیں خطرے کی بات نہیں ہے، پل کے ایک پلر کے نیچے سے سیمنٹ اکھڑ گیا ہے جس کی مرمت کیلئے پی ڈی اے کے اہلکاروں نے معائنہ کیا ہے اور جلد ہی اسے ٹھیک کر دیا جائیگا۔