دبئی میں پلازے ہیں اور پوچھتے ہو کیوں نکالا، ریاض پیر زادہ پارٹی قیادت پر پھر برس پڑے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + اے این این) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ پھر باغی ہوگئے اور پارٹی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جن کی جائیدادیں قومیائی گئیں وہ ارب پتی ہوگئے، سیاست میں رہے تو نئی جدوجہد کریں گے۔ ایم این اے بننے کے بعد چار مرتبہ وزیر رہا، آج بھی بنکوں کا مقروض ہوں۔ میرے ساتھ سیاست میں آنے والے جن کی جائیدادیں قومیائی گئیں اور وہ رونا روتے تھے کہ ہمیں برباد کردیا، وہ ارب پتی ہیں، ان کے دبئی میں پلازے ہیں اور اب پوچھتے پھرتے ہیں کہ کیوں نکالا۔ جب میں نے استعفیٰ دیا تو مجھ سے پوچھا کہ آپ نے یہ کیوں کہا کہ کرپشن ہورہی ہے، میں نے کہا آپ اب بھی پتہ کرلیں۔ پھر کہتے ہیں حکومت میں بیٹھ کر تنقید کرتے ہیں کیوں نہ کریں، ہمیں کیا ملا ہے یا تو لیڈر سیدھے ہوجائیں، ادارے اپنا کام کریں، میری 24 سے 40 ہزار من گندم ہوتی ہے، بطور فیڈرل منسٹر کے میں بوری لینے جاتا ہوں تو میڈیا کہے گا کہ منسٹر صاحب بوریاں لے کر جارہے ہیں۔ جس نے اپنے رشتے دار پالے اور جو لوگ علاج کرانے کیلئے باہر جاتے ہیں، وہ اس ملک کے نہیں ہیں۔