• news

عمران خان نے ناچ گانا لاکر سیاست کو غیر سنجیدہ کردیا: اسفند یار

پشاور /جدہ (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندر یار ولی نے کہا ہے کہ میں نہیں کہتا کہ نواز شریف فرشتہ ہے مگر یہ بھی انصاف نہیں تمام ادارے ایک ہی آدمی کے پیچھے لگے ہوں، عمران خان نے سیاست میں ناچ گانا لاکر سیاست کو غیر سنجیدہ کردیا ہے۔ وہ بدھ کو جدہ سعودی عرب میں باچا خان اور ولی خان کی برسی تقریب اور بعد ازاں نوشیرواں خٹک' عثمان خٹک' فضل مومند اور سعودی عرب اے این پی کے صدر گل زمین خان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے جانیوالے ظہرانے سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کے خلاف شور مچاتے ہیں حالانکہ سب سے بڑی کرپشن انکی اپنی صوبائی حکومت کررہی ہے'انہوں نے کہا کہ حکومت کو آئینی مدت پوری کر نی چاہیے اور عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ جمہوریت کے خلاف سازشیں کر نیوالے ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل صرف باچا خان کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے ' افغانستان کی جنگ میں کود کر پاکستان نے اپنا نقصان کیا اسے اسلام کی جنگ کہہ کر لوگوں کو بے وقوف بنایا گیا جبکہ ہم نے کہاکہ یہ امریکہ اور روس کی جنگ ہے آج بھی افغانستان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس میں اسلام کا کوئی تعلق نہیں۔ اسفندر یار ولی خان نے کہا کہ عمران بھی سیاست کرنا چاہتا ہے اسے خود نہیں پتہ کہ کہنا کیا ہے روز ایک نئی کہانی لیکر آتا ہے ہمیں یہ سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ کون سی تبدیلی لانا چاہتے ہیں خیبرپی کے میں پی ٹی آئی نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لیا ہے،جو آج تک کسی حکومت نے نہیں لیا اور اس قرض کو چکانے کیلئے آنے والی حکومتوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ای پیپر-دی نیشن