اسلام آباد میں نیا موسمیاتی راڈار اسی مون سون میں کام شروع کردیگا: سینٹ بریفنگ
اسلام آباد (صباح نیوز) سینٹ کی قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کو آگاہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں نیا موسمیاتی راڈار لگایا جا رہا ہے جو اسی مون سون میںکام شروع کرے گا۔ کراچی میں لگے راڈار کو تبدیل کرنے میں مزید 2 سال لگیں گے۔ دونوں علاقوں کے لئے فی الحال لاہور اور منگلا کے راڈارز سے مدد لی جا رہی ہے۔ کوئٹہ ایئرپورٹ کی توسیع میں کرپشن کی پانچ روزمیں رپورٹ طلب کر لی گئی اس امر کا اظہار حکام کی بریفنگ کے دوران کیا گیا ۔ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو چیئرمین کمیٹی سینیٹر محمد طلحہ محمود کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ حویلیاں میں اے ٹی آر جہاز کی تباہی ، محکمہ موسمیات کی کارکردگی ، باچا خان ایئرپورٹ اور علامہ اقبال ائیرپورٹ لاہورکی توسیع ، پاکستانی ایئرپورٹس پر چینی کمپنیوں کو ٹھیکے ایوارڈ کرنا کا جائزہ لیا گیا۔ تاجکستان ایئرلائنزکی پاکستان میں پروازیں ، سول ایوی ایشن کی اوپن سکائی پالیسی کے علاوہ پرائیویٹ ایئرلائنز سے وصول ٹیکسز کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ قائمہ کمیٹی نے ورکنگ پیپر تاخیر سے فراہم کرنے پر رپورٹ طلب کرلی۔ تین سال سے ورکنگ پیپرز کی بروقت فراہمی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا گیا ہے۔ آج تک کمیٹی کی ہدایت پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ پی آئی اے کی گذشتہ چار سالہ کارکردگی مایوس کن ہے۔ کرپشن ، سمگلنگ کے آئے دن معاملات سامنے آرہے ہیں۔ کبھی جہاز سے ہیروئن نکلتی ہے,کبھی کاک پٹ میں پائلٹ تصویریں بناتے ہیں تو کبھی عملہ سمگلنگ کرتے پکڑا جاتا ہے۔ سیکرٹری سول ایوی ایشن عرفان الہیٰ نے کمیٹی کو بتایا اچھا جہاز مہنگا ملتا ہے لیں تو آڈٹ اعتراض آجاتا ہے۔ اراکین نے کہا کہ حویلیاں میں جہاز گرا تیرہ ماہ گزر گئے ذمہ داروں کا تعین نہ ہوسکتا۔ متاثرہ خاندانوں کو امدادی رقم بھی پوری نہیں دی سیکرٹری سول ایوی ایشن نے کہا کہ تمام متاثرین کو پچاس پچاس لاکھ روپے ادا کر دیئے ہیں‘ اگر کسی کو نہیں ملے تو آگاہ کریں۔ قائمہ کمیٹی کو باچا خان ایئرپورٹ پشاور کے متعلق سول ایوی ایشن حکام نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 60 فیصد کام مکمل ہو گیا۔ ڈی جی میٹ غلام رسول نے بتایا کہ دنیا بھر میں میٹ ڈیپارٹمنٹ سول ایوی ایشن کے ماتحت ہوتا ہے۔ تمام فضائی سفر میٹ کی پیشن گوئی پر ہی چلتا ہے۔ تمام ایر پورٹس پر میٹ کے راڈارز لگے ہوئے ہیں۔ سینیٹر طلحہ محمو دنے کہا کہ محکمہ موسمیات کو کسی صورت بھی سول ایوی ایشن کے علاوہ دوسرے محکمے میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ایئرپورٹ کی توسیع کے حوالے سے شکایات سامنے آرہی ہیں۔ رکن کمیٹی میر محمد یوسف بادینی نے کہا کہ کوئٹہ ایئرپورٹ کے معاملات میں کرپشن کی گئی تھی اس کی رپورٹ طلب کی تھی جو ابھی تک فراہم نہیں کی گئی پانچ دن کے اندر رپورٹ فراہم کی جائے۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز حاجی سیف اللہ بنگش ، کلثوم پروین ، میر محمد یوسف بادینی ،ثمینہ سعید کے علاوہ سیکرٹری سول ایوی ایشن عرفان الہیٰ ،ڈی جی ایف بی آر ، ڈی جی میٹ ، ڈائریکٹر پلاننگ سول ایوی ایشن ،انچارج باچا خان ایئرپورٹ کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی