حافظ سعید کو دہشتگرد سمجھتے ہیں پاکستان کو کارروائی کا کہہ دیا، امریکہ
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت کو تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ بیدرناورٹ نے کہا کہ حافظ سعید کو دہشتگرد سمجھتے ہیں لشکر طیبہ دہشت گرد تنظیم ہے حافظ سعید ممبئی حملے کے ذمے دار سمجھے جاتے ہیں۔ ممبئی حملے میں امریکیوں سمیت کئی افراد ہلاک ہوئے۔ پاکستان کو پیغام دیا گیا ہے کہ وہ حافظ سعید کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔ ترجمان نے کہا کہ ترکی سے شام کے شہر عقرین میں کارروائی نہ کرنے کی درخواست کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ آئندہ ہفتے یورپ کا دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران ایران جوہر معاہدے اور شام پر بات چیت ہو گی۔ ٹلرسن لندن، پیرس، وارسا، ڈیوس جائیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان سے کئی معاملات پر بات چیت چل رہی ہے۔ نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز پاکستان کوئی نیا پیغام لیکر نہیں گئیں پاکستان سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ پرانا ہے۔ چاہتے ہیں پاکستان دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔ امریکی فوج کے پاکستان سے متعلق سوالات پینٹاگون سے پوچھیں۔