• news
  • image

پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس

فیروزپور روڈ پر قذافی سٹیڈیم میں پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کا قیام حکومت پنجاب کی بڑی کامیابی ہے۔ پنجاب میں پہلی بار عالمی معیار کا سوئمنگ کمپلیکس بنایا گیا ہے جس میں متعدد سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔ یہ سوئمنگ کمپلیکس صوبے میں تیراکی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پنجاب حکومت صوبے میں سپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کیلئے 8 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ صوبہ بھر میں کھیلوں کے نئے میدان بنائے جا رہے ہیں جن میں ہاکی، کرکٹ اور فٹ بال شامل ہیں۔ صوبے کے 5 شہروں میں ہاکی کے سٹیٹ آف دی آرٹ سٹیڈیم بنائے گئے ہیں جبکہ دیگر شہروں میں بھی کھیلوں کے میدان بنائے جا رہے ہیں۔ صوبہ بھر میں بہترین جمنیزیم قائم کئے گئے ہیں جہاں قوم کے بچے اور بچیوں کو مختلف کھیلوں کی سہولتیں ملیں گی۔ 

پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے منصوبے کی تکمیل پر صوبائی وزیر سپورٹس، سیکرٹری سپورٹس، ڈی جی سپورٹس اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس شاندار منصوبے کی تکمیل میں پوری ٹیم نے محنت سے کام کیا ہے۔ انہوں نے اس پراجیکٹ کو چلانے کے لیے میرٹ پر زور دیا اور کہا کہ ٹرینرز میرٹ پر رکھے جائیں، کوئی سفارشی نہیں ہونا چاہیے تاکہ عالمی معیار کے کھلاڑی سامنے آئیں جو ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ افتتاحی تقریب میں اختر رسول، انتخاب عالم، عاقب جاوید اور ظہیر عباس جیسے نامور کھلاڑی موجود ہیں جنہوں نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ ہمیں کھیلوں کے فروغ کے لئے ان عظیم کھلاڑیوں کی خدمات بھی حاصل کرنی چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے سابق سیکرٹری سپورٹس نیئر اقبال اور سابق ڈی جی سپورٹس ذوالفقار گھمن کی کاوشوں کی بھی ستائش کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے پنجاب سپورٹس بورڈ کے 70 ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے معیار مقرر کیا جائے گا جو اس پر پورا اترے گا اسے ریگولر کر دیا جائے گا۔ یہ ایک اچھا اقدام ہوگا کیوں کہ اس طرح ملازمین اپنے فرائض منصبی بغیر کسی معاشی خدشے کے سر انجام دینے کے قابل ہوسکیں گے۔قبضہ مافیا نے ملک میں پنجے گاڑے ہوئے ہیں۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا میں اربوں روپے کی ہزاروں ایکڑ اراضی پر قبضہ مافیا نے اپنا قبضہ جمایا ہوا ہے۔ قبضہ مافیا سے یہ زمینیں واگزار کرا کے نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے استعمال میں لانے کیلئے عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پنجاب حکومت نے قبضہ مافیا سے سینکڑوں ایکڑ اراضی واگزار کرا کے یہاں نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے میدان بنائے ہیں۔ قبضہ مافیا سے یہ زمینیں واگزار کرا کے انہیں صحیح معنوں میں عوام کی فلاح کے لیے استعمال میں لانا ہوگا۔ دیار غیر میں بسنے والے لاکھوں پاکستانی اپنی محنت کی کمائی سے یہاں زمینیں خریدتے ہیں لیکن بدقسمتی سے قبضہ مافیا ان کی زمینوں پر قابض ہو جاتا ہے۔ پنجاب حکومت نے دیار غیر میں بسنے والے عظیم پاکستانیوں کی جائیدادوں کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنانے کے لئے قانون کے مطابق اوورسیز پاکستانی کمشن پنجاب بنایا ہے اور یہ ادارہ اب تک ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف دے چکا ہے۔ قانون کی حکمرانی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے اور پنجاب حکومت نے اس ضمن میں غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کئے ہیں۔ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور ہمیں اسے مل کر سنوارنا ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور اسے قائد کا پاکستان بنانے کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ دھرنوں، لاک ڈاؤن اور احتجاج سے کوئی قوم اور ملک آگے نہیں بڑھتا۔ دھرنوں اور احتجاج سے قومیں نہیں بنتیں، ترقیاتی منصوبے پاکستان کے تمام صوبوں میں لگیں گے تو عوام ترقی کریں گے۔ پنجاب سپورٹس کے حوالے سے یہ دن تاریخی اہمیت کا حامل بن گیا ہے کیوں کہ یہاں عالمی معیار کا سوئمنگ کمپلیکس بنایا گیا ہے۔ پنجاب کی خوش قسمتی ہے کہ اسے شہباز شریف جیسا قائد ملا ہے جو تعلیم اور صحت کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ پر بھی بھر پور توجہ دے رہا ہے۔ کھیلیں صحت مند معاشرے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اس لیے وزیراعلیٰ کے ایسے اقدامات سے نہ صرف معاشرہ صحت کی طرف گامزن ہوگا بلکہ مستقبل میں ملک کو عالمی سطح پر عظیم کھلاڑی بھی میسر آئیں گے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن