• news
  • image

پولیس کارکردگی

سٹی پولیس آفیسر جناب اشفاق احمد خاں صاحب بڑے بہادر اور منجھے ہوئے پولیس آفیسر ہیں ۔ ان کی گوجرانوالہ آمد سے شہریوں کو بڑا ریلیف ملا ہے ۔جرائم پیشہ افراد دم دبا کر فرار ہونے میں عافیت گردانتے ہیں ۔ لیکن پولیس انہیں پاتال میں سے بھی ڈھونڈ نکالنے میں کامیاب و کامران ہوتی ہے ۔ سٹی پولیس آفیسر کی ہدایت و نگرانی میں سی آئی اے نے کمال کر دکھایا اور خطرناک اشتہاریوں کو سات سمندر پار سے ہتھ کڑیاں لگا کر وطن عزیز کی عدالتوں کے کٹہروں میں لا کھڑا کیا ہے ۔ یوں قانون کی بالادستی قائم کر کے مثال قائم کی ہے ۔ سی پی او اشفاق احمد خان کی ہدایت پر کرائم فائٹر عمران عباس چدھڑ نے کمال کر دکھایا اور نئے سال کی آمد سے پہلے پہلے شہریوں کو 15 کروڑ روپے سے زائد کی برآمدگی دے کر ان کے دل میں گھر کر لیا۔یوں شہریوں کیلئے نئے سال کی آمد کا جشن دوبالا ہو گیا۔ 15 کروڑ روپے کا چھینا ‘لوٹا اور چوری شدہ مال برآمد کرنا مذاق نہیں مگر یہ کام بھی سی آئی اے نے کر دکھایا۔ شہریوں کی ڈھیروں دعائوں کی حقدار سی آئی اے پولیس ہے مگر اس شاندار کامیابی کے پیچھے موثر حکمت عملی سٹی پولیس آفیسر جناب اشفاق احمد خان صاحب کی ہے ۔ درجن کے لگ بھگ اشتہاری سات سمندر پار سے گرفتار کئے ہیں یہ سارے خطرناک اشتہاری ہنگری ‘دبئی ‘سعودی عرب سے پکڑے گئے ۔ سی آئی اے نے 18 مقدمات قتل کے ٹریس آوٹ کر کے مدعی حضرات کے دل جیت لئے ‘7 مقدمات راہبری معہ قتل ٹریس کئے ۔ چار پولیس مقابلوں کے ملزمان کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ بنک ڈکیتی جیسی سنگین وارداتیں ٹریس اوٹ کیں اور ان ڈکیتیوں کی تعداد سات تھی ۔ بنک ڈکیتی کی وارداتوں کو ٹریس اوٹ کرنا بھی سی آئی اے کا زبردست کارنامہ ہے ۔نیز ڈکیتی کے 17 مقدمات ٹریس اوٹ کئے ۔ یہ وہ مقدمات ہوتے ہیں جو پورے ضلع میں مختلف تھانہ جات میں درج ہوتے ہیں اور بڑے ہی خطرناک گینگ ان میں ملوث ہوتے ہیں ۔ ایسے میں ان خطرناک ملزمان کو پکڑنا بڑا مشکل ہوتاہے مگر کوئی بھی کام محنت اور لگن سے کیا جائے تو اﷲ تعالی کی مدد شامل حال ہوتی ہے ۔ خوشگوار حیرت یہ ہے کہ 400 مقدمات راہزنی بھی ٹریس اوٹ ہوئے ۔ بھتہ خوری کا مقدمہ کی ٹریس کر کے موثر کارروائی عمل میں لائی گئی ۔42 چوروں ‘ڈاکوئوں ‘رسہ گیروں کے گینگ دھر لیے گئے جو محکمہ پولیس کو چار چاند لگانے کیلئے سی آئی اے پیش پیش رہی ۔اب یہ عالم ہے کہ گوجرانوالہ میں ملزمان واردات کرنے سے پہلے سو بار سوچتے ہیں بلکہ سوچتے ہی رہ جاتے ہیں ۔ اشتہاریوں کی بات کریں تو پتہ چلتا ہے 11 اشتہاری کیٹگری A کے پکڑے گئے ‘جبکہ 11 کیٹگری B کے قانون کے شکنجہ میں لائے گئے ۔ اسلحہ برآمدی پر نظر دوڑائیں تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ 6 رائفل 12 بور ‘64 پستول ‘52 میگزین جبکہ 13500 گولیاں ملزمان کے قبضہ سے برآمد ہوئیں ۔ منشیات معاشرہ کیلئے ناسور ہے اس سے سوسائٹی میں بڑا بگاڑ پیدا ہوتا ہے ۔ اس بارے شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ سیدھی سی بات ہے کہ عوام اردگرد حالات پر کڑی نگاہ رکھیں اور جہاں کہیں منشیات فروش ہوں فوری پولیس کو مطلع کریں اب تو مخبری کرنا بڑا آسان ہو گیا ایک SMS بھجوائیں اور ثواب دارین حاصل کریں ۔ اس طرح منشیات کا عفریت قابو کیا جا سکتا ہے ۔ سی آئی اے نے نئے سال کی آمد سے پہلے پہل 93 کلو چرس برآمد کی ‘24 کلو افیون پکڑی ‘31 قیمتی گاڑیاں برآمد کر کے شہریوں کو چابیاں تھما دیں یوں عوام مارے خوشی کے پھولے نہ سمائے ۔ گاڑیوں کے علاوہ قیمتی مویشی بھی برآمد کر کے لوٹائے ۔

مویشی کتنے قیمتی اور کارآمد ہوتے ہیں کہ ایک بڑھیا نے ساری زندگی بکری اور مرغی کے بل بوتے پر گزار دی اور خوب گزاری ‘کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی اسے ضرورت ہی پیش نہ آ سکی ۔ راقم الحروف کو اچھی طرح یاد ہے کہ پچھلے ماہ کی بات ہے کہ جب ایک بزرگ کو اس کی چوری شدہ بھینس واپس دی گئی تو اس کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو ڈانس کرنے لگے اور اس کے لب پر پولیس کیلئے دعائیں تھیں ۔ سٹی پولیس آفیسر اشفاق احمد خان اور کرائم فائٹر عمران عباس چدھڑ کا کرائم کی روک تھام کے حوالے سے بڑا موثر کردار ہے ۔ جس پر جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے ۔ نئے سال کے حوالے سے عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس موقع پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ سے گریز کریں‘ورنہ قانون کے شکنجہ میں آنے کیلئے تیار رہیں ۔ آخر میں حسن اور دولت والوں کیلئے قطعہ۔
یہ دولت آنی جانی ہے
یہ دنیا ساری فانی ہے
کل چاندی سر میں چمکے گی
جس حسن پہ آج جوانی ہے

epaper

ای پیپر-دی نیشن