اپوزیشن استعفوں کے ایشوز پر تقسیم، شیخ رشید 28جنوری کے بعد استعفیٰ دینگے
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتیں استعفے دینے کے ایشو پر تقسیم ہوگئی ہیں۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت اسمبلیوں سے استعفے دینے کے حق میں نہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد نے لاہور کے جلسہ میں قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن تاحال انہوں نے قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کو اپنا استعفیٰ نہیں بھجوایا۔ ذرائع کے مطابق وہ 28 جنوری تک اپنا استعفیٰ سپیکر کو نہیں بھجوائیں گے، کیونکہ اس تاریخ کے بعد خالی ہونے والی نشست پر الیکشن نہیں کرایا جاسکتا۔ لہٰذا شیخ رشید احمد 28 جنوری کے بعد استعفیٰ دیں گے اور اس کی تصدیق میں کچھ وقت گزار دیں گے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف میں قومی اسمبلی سے ارکان کے استعفوں کے معاملہ پر اختلاف رائے پایا جاتا ہے ۔ سپریم کورٹ سے نا اہل قرار دیئے جانے والے جہانگیر ترین قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے حق میں ہیں جبکہ شاہ محمود قریشی استعفیٰ دینے کی مخالفت کررہے ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جنہوں نے پچھلے ساڑھے چار سال سے قومی اسمبلی کا بائیکاٹ کررکھا ہے وہ اپنے ارکان کو استعفوں پر آمادہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ لاہور کے جلسہ میں پارلیمنٹ پر لعنت بھجوانے کے بعد پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کے تحریک انصاف کے ساتھ اختلافات بڑھ گئے۔ آئندہ چند دنوں میں ان کے مل بیٹھنے کا امکان ہے۔