• news

ملک خطرات میں، حکمران توبہ کی بجائے فرعون بنے ہوئے ہیں: امیر جماعت اسلامی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس تیسرے روز بھی جاری رہا ۔ اجلاس کی صدارت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کی۔ اجلاس نے سیاسی صورتحال پر سیر حاصل بحث کے بعد ایک قرار داد منظور کی جس میں سیاسی عدم استحکام ، ادارہ جاتی محاذ آرائی، امن عامہ کی انتہائی مخدوش صورتحال ، قومی معیشت کی تباہ حالی اور بھارت و امریکہ کی جانب سے جارحانہ دھمکیوں کی وجہ سے قومی سلامتی کو درپیش خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیا جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا یہ اجلاس ایک مرتبہ پھر واضح اور واشگاف الفاظ میں کسی بھی طرح کے ماورائے آئین اقدامات کو قومی سلامتی کے لیے شدید خطرہ قرار دیتاہے اور مطالبہ کرتاہے کہ سیاسی معاملات کو کسی غیر دستوری مہم جوئی کی بجائے آئندہ انتخابات کے بر وقت اور شفاف و غیر جانبدار انہ انعقاد کی طرف بڑھا یا جائے ۔ یہ امر زیادہ تشویش ناک ہے مظلومین انصاف کے لیے فوج اور عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیںاور ملک میں ماورائے آئین اقدامات کی افواہیں عروج پر ہیں ۔ قرار داد میں کہاگیا احتساب کے خود کار شفاف اور مضبوط نظام کی تشکیل کو حسب سابق نظر انداز کیا گیاہے۔ اجلاس حکمران طبقہ کی طرف سے عدالتی فیصلوں کو عملاً تسلیم نہ کرنے، عدالت عظمیٰ سمیت تمام عدالتوں کا مذاق اڑانے ، ان کی مخالفت کرنے اور اپنے مفادات کے لیے ادارہ جاتی تصادم کو پروان چڑھانے کو ملک و قوم کے لیے انتہائی خطرناک سمجھتا ہے۔ نئی مردم شماری کے نتیجہ میں حلقہ بندیوں کے آئینی تقاضے پورے ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابات کے بروقت ، شفاف ، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انعقاد کے تقاضے پورے کرنے کے اقدامات کی طرف کوئی مطلوبہ توجہ نہیں دی جارہی ۔ عقیدہ ختم نبوت کے سلسلہ میں متفقہ آئینی و قانونی دفعات اور حلف نامے پر شب خون کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے اور راجہ ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ کو منظر عام پر لانے کے وعدوں سے پوری ڈھٹائی کے ساتھ پہلو تہی کی جارہی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے مجرم قانونی گرفت سے آزاد ہیں۔ قصور ویڈیو سکینڈل کے مجرموں کو سیاسی پشت پناہی کی وجہ سے قانون کے کٹہرے میں نہ لایاگیا۔ پھر قوم کی بیٹی زینب سمیت 12معصوم بچیوں کے ساتھ سفاکانہ درندگی اور بے دردی سے قتل کرنے والے مجرم ابھی تک دندناتے پھر رہے ہیں۔ ہم واضح کرتے ہیں جذبۂ جہاد اور شوق شہادت رکھنے والے اسلامیان پاکستان کی طرف سے بھارت کے جارحانہ عزائم کامنہ تو ڑ جواب دیاجائے گا۔ اجلاس فاٹا کو آئینی حقوق اور عدالتی رسائی ملنے پر اللہ کاشکر ادا کرتاہے۔ اجلاس اس عزم کا اظہار کرتاہے کرپشن فری پاکستان تحریک جاری رکھی جائے گی۔ مزید برآں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مجلس شوریٰ کے آخری سیشن اور مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک خطرات میں گھرا ہوا جبکہ حکمران توبہ کرنے کی بجائے مخلوق خدا پر حکم چلانے کے لیے فرعون بنے ہوئے ہیں۔ زینب جیسی بیٹیاں درندگی کا نشانہ بن رہی ہیں اور انہیں قتل کر کے کوڑے کے ڈھیروں پر پھینکا جارہاہے تو اس کے اصل مجرم وہ حکمران ہیں جو مغرب کے اشارے پر ملک میں سیکولرازم اور لبرل ازم کے ذریعے فحاشی و عریانی اور بے حیائی کو دعوت دے رہے ہیں ۔ تمام خرابیوں کی جڑ حکومت ہے۔ کسی کو انصاف ، تعلیم اور علاج نہیں مل رہا تو اسے حکمرانوں کا گریبان پکڑنا چاہیے ۔ ہم سٹیٹس کو توڑنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے اور آئندہ انتخابات میں کرپٹ اور بددیانت لوگوں کا راستہ روکنے کے لیے الیکشن کمشن سے رجوع کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن