ہم پاکستان کے دشمن نہیں‘ وہ بھی ایسا برتائو نہ کرے: اسرائیلی وزیراعظم
نئی دہلی (صباح نیوز) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے دشمن نہیں لٰہذا پاکستان کو بھی ہم سے دشمن کی طرح برتائو نہیں کرنا چاہئے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہوان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں جہاں دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئے ہیں جبکہ دہلی اور ممبئی سمیت کئی شہروں میں نیتن یاہو کے دورہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ دورہ بھارت کے دوران اسرائیلی وزیراعظم بھی بھارتی زبان بولنے لگے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کو لائن آف کنٹرول پر ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی جن کو اقوام متحدہ دہشت گرد قرار دے چکی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے دشمن نہیں لٰہذا پاکستان بھی ہم سے دشمنوں جیسا سلوک نہ کرے۔نیتن یاہو نے ممبئی میں بھارتی فلم انڈسٹری کے ستاروں سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران ان کا کہنا تھا کہ وہ بالی ووڈ سے محبت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اسرائیل میں بھی بالی ووڈ فلم انڈسٹری ہو۔ اسرائیلی وزیراعظم نے بھارتی ہم منصب کے ساتھ گجرات کا بھی دورہ کیا۔ احمد آباد میں مہاتما گاندھی کی رہائش گاہ گئے اور اپنی اہلیہ کے ساتھ آگرہ میں تاج محل جاکر تصاویر بنوائیں۔