• news

زرداری، فضل الرحمان ملاقات، چیلنجز سے ملکر نمٹنے کا عزم، سینیٹ اور عام انتخابات پر مشاورت

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے سابق صدر آصف زرداری سے گزشتہ روز لاہور میں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات بلاول ہائوس لاہور میں ہوئی۔ دونوں رہنمائوں نے ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز سے مل کر نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں سینٹ کے آئندہ الیکشن سمیت عام انتخابات پر بھی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر قیوم سومرو بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سینٹ انتخابات پر خیبر پی کے میں تعاون پر بات کی گئی، ملاقات میں صوبے کی دیگر اپوزیشن جماعتوں سے اشتراک کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں بلوچستان کی طرز پر صوبے میں تبدیلی کے نقطے پر بھی غور کیا گیا۔ خیبر پی کے میں اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ خیبر پی کے میں پیپلزپارٹی‘ جے یو آئی(ف) ‘ ن لیگ اور اے این پی اپوزیشن کا حصہ ہیں۔

زرداری ملاقات

ای پیپر-دی نیشن