اچکزئی کی ملاقات، نفاق کی سیاست کا بیج بونے والوں نے ملک تباہ کرنے میں کسر نہیں چھوڑی: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں گڈ گورننس کے فروغ، عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی اور صوبے کی ترقی کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری اداروں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے انقلابی اصلاحات لائی گئی ہیں اور سرکاری اداروں میں آئی ٹی کے فروغ سے اداروں کی استعدادکار بڑھنے سے عوام کو خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔عوام کو بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی کے مشن کو کامیابی سے آگے بڑھایا گیا ہے۔ صوبے میں ہر شعبے میں میرٹ کو فروغ دیا گیا ہے اور تمام اداروں میں بھرتیاں سوفیصد میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔ پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اورکفایت شعاری اور سخت مالیاتی ڈسپلن کے تحت بچائے گئے اربوں روپے بھی عوام کو ریلیف کی فراہمی کے پروگراموں پر صرف کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دور آمریت میں چنیوٹ۔رجوعہ کے قومی خزانے پراربوں روپے کی ڈاکہ زنی کی کوشش کو روکنا ہمارا کارنامہ ہے۔ ہماری حکومت نے اس منصوبے میں چار سالہ جدوجہد کے نتیجے میں غریب قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں۔ تعلیم و صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ صوبے میں سڑکوں، پلوں، انڈرپاسز فلائی اوورز کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ پہلی بار چھوٹے کاشتکاروں کو بلاسود قرضے فراہم کئے گئے ہیں اور اس سکیم سے بے زمین کاشتکار بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ شہباز شریف سے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے پارلیمنٹ کو برا بھلا کہنے اور لعنت ملامت کرنے والوں کی مذمت کی اور جمہوری نظام کے استحکام کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پارلیمنٹ قابل احترام ادارہ ہے، اس کے عزت و وقار کا خیال رکھنا جمہوری قوتوں کا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کا محاسبہ محب وطن عوام کریں گے۔ پاکستان کے مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں اور جو سیاسی عناصر افراتفری چاہتے ہیں ان کے عزائم ڈھکے چھپے نہیں۔ نفاق کی سیاست کا بیج بونے والوں نے ملک کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اب ایسے عناصر کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ ملک جمہوری عمل کے باعث معرض وجود میں آیا۔ جمہوریت عوام کی خدمت کا نام ہے اور محض خالی نعروں یا نام نہاد تبدیلی کے دعوے کرنے سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی، اس کیلئے مٹی سے مٹی ہونا پڑتا ہے۔ جمہوریت کے استحکام کیلئے ہر سیاسی جماعت پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ شہبازشریف نے مایہ ناز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر اشفاق احمد اور وزیر بلدیات منشاء اللہ بٹ کی بھانجی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔