• news

داتا دربار پر ختم نبوت اجتماع آج ہوگا‘ رانا ثنا کا استعفیٰ لئے بغیر واپس نہیں جائیں گے: حمیدالدین سیالوی

لاہور+ ساہیوال + سرگودھا (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) پیر سیال شریف خواجہ حمیدالدین سیالوی کی کال پر آج داتا دربار پر ہونے والے ختم نبوت اجتماع کی تیاریاں مکمل ہو گئیں۔ شاہدرہ چوک، ٹھوکر نیاز بیگ، سگیاں پل، شیرا کوٹ اور دوسرے کئی مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگا دیئے گئے ہیں۔ داتا دربار کے سامنے چوک میں سٹیج بنایا جا رہا ہے اور پنڈال میں ہزاروں کرسیاں لگائی جا رہی ہیں۔ آج ایک بجے جلسہ شروع ہو گا اور رات 9 بجے تک جاری رہے گا۔ سنی اتحاد کونسل کے میڈیا سیل کے مطابق دو ہزار مشائخ اور تیس اہل سنت جماعتوں نے داتا دربار اجتماع میں بھرپور شرکت کا اعلان کر دیا ہے۔ اجتماع میں شرکت کا اعلان کرنے والی جماعتوں میں سنی اتحاد کونسل، جمعیت علماء پاکستان نورانی، جماعت اہل سنت، پاکستان سنی تحریک، تحریک لبیک یا رسول اللہ، نظام مصطفے پارٹی، تحریک فیضان اولیائ، انجمن طلباء اسلام، نظام مصطفے متحدہ محاذ، جے یو پی نیازی، پاکستان مشائخ کونسل، جماعت الصالحین، پاکستان فلاح پارٹی، سنی علماء بورڈ، تحریک فدایان ختم نبوت، مرکزی مجلس چشتیہ، انجمن خدام الاولیائ، تحریک فروغ اسلام، تنظیم المساجد پاکستان، سنی یوتھ ونگ، انجمن نوجوانان اسلام اور دوسری اہل سنت جماعتیں شامل ہیں جبکہ گولڑہ شریف، تونسہ شریف، پاکپتن شریف، کیلیانوالہ شریف، شرقپور شریف، دربار حضرت سلطان باہو، بارو شریف، علی پور شریف، سندر شریف، کوٹلہ شریف، معظم آباد شریف، لکھیوال شریف سمیت روحانی درگاہوں کے گدی نشینوں نے پیر سیال شریف کو حمایت کا یقین دلا دیا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت نے 20 جنوری کے اجتماع میں رکاوٹ ڈالی تو ہر شہر میں دھرنے دے کر ملک جام کر دیں گے۔ دوسری طرف پیرآف سیال شریف صاحبزادہ حمیدالدین سیالوی نے کہا ہے کہ ان کے کوئی سیاسی عزائم نہیں اور داتا دربار ختم نبوت کنونشن صرف اور صرف موجودہ حکمرانوں کی ختم نبوت کے آئین کو چھیڑ چھاڑ اور قادیانیوں کے بارے میں ہمدردی اور نرم گوشہ رکھنے کے خلاف احتجاج ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماء کے انتظامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیال شریف میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی قسم کی پاور شو نہیں کرنا چاہتے‘ لیکن مرزائیت نواز رانا ثناء اور اس کے سرپرستوں کو عہدے چھوڑنے پر مجبور کر دیں گے۔ رانا ثناء کا استعفیٰ لئے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔ اس موقع پر مستعفی رکن پنجاب اسمبلی صاحبزادہ غلام نظام الدین سیالوی نے کہا کہ حکومت پنجاب مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے کھیل رہی ہے۔ تحریک لبک یا رسول اللہؐ کے مرکزی چیئرمین اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی‘ مرکزی صراط مستقیم جامع رضائے مجتبیٰ میں مطالبات ختم نبوت کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکمرانوں کو ختم نبوت سے بے وفائی مہنگی پڑے گی۔ طاہرالقادری شو میں اور ختم نبوت کیلئے نکلنے والوں میں فرق ہے۔ 20 جنوری کے بعد احتجاج کا اگلا مرحلہ 27 جنوری سے جیل بھرو تحریک کا آغاز ہے۔

ای پیپر-دی نیشن