حکومت آزاد میڈیا کے فروغ کیلئے کام کرتی رہے گی: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اظہار رائے کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور آزاد اور ذمہ دار میڈیا کے فروغ کیلئے اقدامات کرتی رہے گی۔ جمعہ کو وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب سے اے پی این ایس کے وفد نے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت اور جمہوریت ایک دوسرے کے لئے لازم ملزوم ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے قانون سازی پر کام جاری ہے۔ جرنلسٹ سیفٹی اور سکیورٹی بل اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر یگا۔ اجلاس میں اشتہارات کے ریٹس پر نظرثانی، اشتہارات کا علاقائی کوٹہ بقایا جات اور اے بی سی کی آٹومشن کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وفد نے میڈیاصنعت کو سہولیات دینے کے حوالے سے وزارت کے اقدامات کو سراہا۔ ملاقات میں سیکرٹری انفارمیشن، پرنسپل انفارمیشن، ڈائریکٹر جنرل انٹرنل پبلسٹی ونگ، سیکرٹری جنرل اے پی این ایس عمر شامی اور ممبر اے پی این ایس ممتاز طاہر، خوشنود علی خان، مجیب الرحمن شامی اور حمید ہارون شامل تھے۔ مریم اورنگزیب سے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ ملک میں امن کی واپسی سے کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں۔ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کے تحت اقدامات سے امن بحال ہوا۔