ہاکی ورلڈ الیون کا دورہ لاہور، سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)ہاکی ورلڈ الیون کے دورہ لاہور کے لیے سیکورٹی پلان کوحتمی شکل دے دی گئی ہے ٹیم کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ نادرا وین نے بھی کوائف جمع کرنے شروع کر دئیے۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ورلڈ الیون نے قومی ٹیم کے خلاف 21 جنوری کو میچ کھیلنا ہے جس کے لیے سیکورٹی پلان کوحتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ٹیم کو ہوٹل سے سٹیڈیم اور سٹیڈیم سے واپس ہوٹل تک کا ٹریفک فری روٹ فراہم کیا جائے گا۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں کام کرنے والے سٹاف اور آنے جانے والوں کے ریکارڈ کی تصدیق کے لئے نادرا موبائل وین بھی ہاکی سٹیڈیم پہنچا دی گئی ہے۔ تماشائیوں کو بھی اپنی شناخت کے بعد سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کو عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا جائے گا اور چاروں اطراف پولیس کے جوان اور سنائیپرز تعینات کیے جائیں گے۔