مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے مک مکا کر رکھا ہے‘ شیریں مزاری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پارلیمنٹ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ایوان میں بیٹھے لوگ عوام کے اصل مسائل حل کرنے کے بجائے عمران خان پر تنقید کر رہے ہیں۔ یہ بات ترجمان چیئرمیں تحریک انصاف ڈاکٹر شیریں مزاری نے قومی اسمبلی میں نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے مک مکا پر تحریک انصاف کی جانب سے تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی پالیسی پر وضاحت کے بجائے وزیر اعظم کا واحد مقصد پارلیمنٹ میں آل شریف کی صفائیاں پیش کرنا ہے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ابھی تک پارلیمنٹ میں صدارتی خطاب پر بحث شروع نہیں کروائی۔ اچھا ہوتا اگر پارلیمنٹ سرعام پاکستان کو توڑنے کی باتیں کرنے والے کے خلاف قرارداد لاتی۔ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم نہ کروانے والوں کے خلاف کیوں قرارداد نہیں لائی گئی؟ پارلیمنٹ کا کورم حکومت کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔ عام طور پر حکومت کورم پورا نہیں کر پاتی مگر ایک نااہل شخص کے لئے قانون سازی میں سب پہنچ جاتے ہیں۔ شیریں مزاری نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی جانب سے انتہائی اہم قومی معاملات پر قراردادیں ردی کی ٹوکری میں پھینک دی گئیں۔ امریکہ کے خلاف تحریک انصاف کی 2017 کی قرارداد کو نظر انداز کیا گیا۔ سعودی اتحاد کا حصہ بننے کی بنا پر یمن سے متعلق قرارداد بھی نظر انداز کی گئی۔