• news

دشمن بز دلانہ اقدام سے کبھی کا میا ب نہیں ہو گا‘ ایئر چیف

کراچی(اسٹاف رپورٹر )چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئرچیف مارشل سہیل امان نے پاکستان کے دشمنوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے بزدلانہ اقدامات میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ پاکستان اللہ کی مہربانی سے ترقی کی راہ پر ہر صورت گامزن رہے گا۔ پاک فضائیہ جدید اور ملکی ساختہ ہتھیاروں کے نظام ، راڈار اور اعلیٰ جنگی آلات سے لیس ہے جو کہ ہر طرح کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے موزوں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو ائیرواپرینٹیسز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مہمان خصوصی کی پریڈ سکوائر آمد پر ائیر آفیسر کمانڈنگ سدرن ائیر کمانڈ ، ائیر وائس مارشل حسیب پراچہ نے ان کا استقبال کیا۔ایئرچیف سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ بین الاقوامی فضائی معیار کے بہترین پیشہ ورماہرین کو تیار کرنے کے لئے انہیں جدید خطوط پر تربیت فراہم کررہی ہے ۔ پاک نیوی اور دوست ممالک کے ٹیکنیشنز سمیت 782 ائیرو اپرینٹسسز نے کامیابی سے اپنی تکنیکی تربیت مکمل کی۔ مہمان خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والے ائیرو اپرینٹسسزمیں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ا ئیرو سپیس ٹیکنالوجی میں اصغر خان ٹرافی ائیرویپن ٹیکنیشن محمد ارسلان باجوہ کو دی گئی جبکہ نور خان ٹرافی ائیر کرافٹس مین محمد عثمان نے حاصل کی۔ ائیرو سپورٹ ٹیکنالوجی کی ظفر چودھری ٹرافی سکو ل آف ائیر و ناٹیکس کے ائیر کرافٹ مین نعمت اللہ کو دی گئی۔ ائیر کموڈور ابراہیم اسد، بیس کمانڈر کورنگی کریک بھی اس تقریب میں موجود تھے۔

ائیر چیف

ای پیپر-دی نیشن